العربیہ شوگرملز :لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کے خلاف کارروائی سے روک دیا

لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو شہباز شریف خاندان کی العربیہ شوگر ملز کیخلاف کارروائی سے روک دیا اور وفاقی حکومت سے 18 ستمبر کو جواب طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے العربیہ شوگر ملز کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے چینی کی قلت پر 16 مارچ کو انکوائری کمیشن تشکیل دیا، العریبیہ شوگر ملز پر کارپوریٹ فراڈ کا بے بنیاد الزام عائد کیا گیا۔ درخواست گزار نے کہا کہ شوگر ملز کی طرف سے ایک ارب روپے سے زائد شریف فیڈ ملز اور شریف ڈیری فارمز کو منتقل کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا، شوگر ملز کے خلاف تحقیقات 90 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا وفاقی کابینہ نے العریبیہ شوگر ملز کیخلاف انکوائری کرنے کا غیر قانونی حکم دیا، جے آئی ٹی کی جانب سے العریبیہ شوگر ملز سے ریکارڈ طلبی کے نوٹس غیر قانونی ہیں۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ العریبیہ شوگر ملز کے خلاف وفاقی حکومت کے انکوائری کے احکامات کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے طلبی کے نوٹسز معطل اور ہراساں کرنے سے روکا جائے عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز شریف خاندان کی العربیہ شوگر ملز کیخلاف کارروائی سے روکتے ہوئے وفاقی حکومت سے 18 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔ خیال رہے کہ ڈائریکٹر نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیسز میں شریف فیملی کی10 انڈسٹریز منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے ذرائع کے مطابق انڈسٹریز میں چنیوٹ انرجی لمیٹڈ، رمضان انرجی، شریف ڈیری اور کرسٹل پلاسٹک انڈسٹری، العربیہ شوگرمل، شریف ملک پراڈکٹس، شریف فیڈ ملز، رمضان شوگر ملز اور شریف پولٹری شامل ہیں۔
قبل ازیں 12 نومبر کو حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی ملکیتی العربیہ شوگر مل گنے کے کاشتکاروں کو ادائیاں نہ کرنے پر سیل کردی گئی تھی اطلاعات ہیں کہ انتظامیہ کے ذمے گنے کے کاشتکاروں کے اربوں روپے واجب الادا ہیں اور کچھ کاشتکار ایسے بھی ہیں جن کو 2011 کے گنے کے سیزن کی تاحال ادائیاں نہیں کی گئی ہیں ضلعی انتظامیہ نے العربیہ مل میں ذخیرہ کی گئی 4 لاکھ 25 ہزار سے زائد چینی کی بوریاں قبضے میں لے کر مالکان کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button