پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز شروع کرنے کا فیصلہ کل تک ملتوی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ  مہمان انگلش  ٹیم کے کھلاڑیوں کی طبیعت کی خرابی کے باعث سیریز کا پہلا میچ مقررہ وقت پر شروع کرنے کے لیے فیصلہ صبح تک مؤخر کردیا گیا ہے۔

پی سی بی کےجاری بیان میں کہا گیا کہ پی سی بی اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کی ٹیم کے کیمپ میں وائرل انفکیشن کے بارے میں تبادلہ خیال کیا،اس دوران پہلا ٹیسٹ میچ شروع کرنے کا فیصلہ تاخیر سے جمعرات کو صبح 7:30 بجے تک کرنے پر اتفاق کرلیا گیا،دونوں بورڈز نے انگلینڈ کے ڈاکٹروں کے مشورے کی بنیاد پر فیصلہ کیا ہے جو کھلاڑیوں کے صحت اور بہتری کے حوالے سے ہے تاکہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپیئن شپ میچز میں شامل پہلے ٹیسٹ کے لیے اپنی 11 رکنی ٹیم کا انتخاب کرپائے۔

پی سی بی  کے مطابق  دونوں بورڈز نے اتفاق کرلیا ہے کہ انگلینڈ کے کھلاڑی جمعرات کو صبح تک کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہوتے ہیں تو پھر ٹیسٹ جمعے کو شروع ہوگا اور 5 روزہ میچ ہوگا، اس صورت میں ملتان اور کراچی میں شیڈول بالترتیب دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور شیڈول کے مطابق کھیلے جائیں گے۔

قومی کرکٹ بورڈ کے مطابق  ملتان میں دوسرا ٹیسٹ 9 سے 13 دسمبر اور کراچی میں تیسرا ٹیسٹ 17 سے 21 دسمبر تک شیڈول ہے،پی سی بی نے پہلے ٹیسٹ کے ٹکٹوں کے حوالے سے بھی وضاحت نہیں کی اور بتایا کہ جمعرات کو صبح اس حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس سمیت متعدد کھلاڑی پیٹ کے انفیکشن کا شکار ہو گئے تھے اور پہلا ٹیسٹ میچ ایک سے دو دن ملتوی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا،ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹرافی کی تقریب رونمائی بھی آج طے تھی لیکن بین اسٹوکس کی صحت یابی تک ملتوی کردی گئی۔

خبر رساں ادارےاے ایف پی نے رپورٹ کیا تھا کہ انگلش کپتان بین اسٹوکس سمیت دیگر کھلاڑی اور عملے کے متعدد اراکین بھی پیٹ کے انفیکشن کا شکار ہو گئے ہیں ،انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ متعدد کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہے اور انہیں ہوٹل میں رہ کر آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں انگلش بلے باز جو روٹ نے پریس کانفرنس کے دوران کھلاڑیوں کی فوڈ پوائزننگ یا کھانے سے منسلک کسی بیماری کے شکار ہونے کی افواہوں کی تردید کیا تھی،انہوں نے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے بیمار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ جہاں تک میری معلومات ہیں، کچھ کھلاڑیوں کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، میں کل کچھ اچھا محسوس نہیں کر رہا تھا لیکن آج صبح میری طبیعت قدرے بہتر تھی تو شاید یہ 24 گھنٹے کا وائرس ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال وہ فوڈ پوائزننگ یا کوویڈ-19 کا شکار ہوئے ہیں، بس ہمارے کھلاڑی بدقسمتی سے کسی وائرس کا شکار ہوگئے، تاہم انگلش بلے باز نے واضح کیا کہ اس بیماری کا کھلاڑیوں کے کھانے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد مہمان ٹیم 9 دسمبر سے شروع ہونے والے دوسرے میچ کے لیے ملتان کا رخ کرے گی جبکہ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی 17 دسمبر سے کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم کرے گا۔

Back to top button