ماہرہ خان اور صبا قمر کو زائد العمر کس نے قرار دیا؟

بالی ووڈ انڈسٹری کی دو معروف اداکاراؤں ماہرہ خان اور صبا قمر کو زائد العمر قرار دے دیا گیا ہے۔ اداکار منیب بٹ نے شوبز انڈسٹری میں اداکاراؤں کی عمر کے حساس ایشو کو چھیڑتے ہوئے صبا قمر اور ماہرہ خان کو زائد العمر قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ رومانس کرنے سے انکار کر دیا۔ اس بات کا انکشاف کرتے ہوئے منیب بٹ نے دعویٰ کیا کہ وہ کبھی اپنی عمر نہیں چھپاتے اور پوچھنے پر درست عمر بتاتے ہیں۔ اداکار نے دلیل دی کہ ابھی وہ اتنے زائد العمر ہوئے نہیں ہوئے کہ انہیں اپنی عمر چھپانی پڑے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر وہ کبھی لفٹ میں پھنس جائیں تو اُن کی خواہش ہو گی کہ ان کے ساتھ ماہرہ خان یا صبا قمر کی بجائے رمشا خان ہوں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں کسی ہارر فلم میں کاسٹ کیا جائے اور انہیں اپنی پسند کی ہیروئن کا انتخاب کرنے دیا جائے تو وہ کس کو منتخب کریں گے، اس پر اداکار نے یمنیٰ زیدی کا نام لیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ رومانوی فلم میں کس ہیروئن کو اپنے ساتھ کاسٹ کریں گے؟ تو منیب بٹ نے ایک مرتبہ پھر یمنیٰ زیدی کا نام لیا۔
جب میزبان نے منیب بٹ کو صبا قمر اور ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کی آپشنز دیں تو انہوں نے کہا کہ یہ دونوں اداکارائیں زائد العمر ہیں اور وہ ان کے ساتھ کام کرتے ہوئے ان سے چھوٹے لگیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ ان دونوں اداکاراوں کا احترام کرتے ہیں لیکن اب وہ سینئر ہو چکی ہیں اس لیے وہ ان کے ساتھ رومانوی فلم نہیں کرسکتے۔
اصرار کرنے پر منیب بٹ نے کہا کہ اگر انہیں ان اداکاراؤں کے ساتھ مجبوری میں کام کرنا پڑا تو وہ اپنی داڑھی اور وزن بڑھا کر ایسا کریں گے ۔ اسی پروگرام میں اداکارہ امر خان نے بھی مختلف سوالوں کے جوابات دیئے اور بتایا کہ وہ کئی مرتبہ اپنی عمر چھپاتی ہیں اور لوگوں کو غلط معلومات فراہم کرتی ہیں۔امر خان نے واضح کیا کہ عمر سے متعلق سوال کرنے والے کو دیکھ کر وہ اس حساب سے بعض مرتبہ اصل عمر چھپاتی ہیں جب امر خان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں ہارر فلم میں اپنی پسند کا ہیرو کاسٹ کرنے کا کہا جائے تو کس کا انتخاب کریں گی جس پر انہوں نے عثمان مختار کا نام لیا۔
اسی طرح رومانوی فلم کے لیے اپنی پسند کے ہیرو کے انتخاب پر انہوں نے فواد خان کا نام لیا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں امر خان نے بتایا کہ اگر وہ لفٹ میں پھنس جائیں تو ان کی خواہش ہوگی کہ ان کے ساتھ فواد خان ہوں اور لفٹ کافی دیر تک بند رہے ، اداکارہ نے بتایا کہ فواد خان نہ صرف ان کا ’کرش‘ رہے ہیں بلکہ وہ کئی لوگوں کے ’کرش‘ ہیں۔