ایف آئی اے نے دانیہ شاہ کے گرد گھیرا تنگ کیوں کر دیا؟
سوشل میڈیا پر اپنی غیراخلاقی ویڈیوز شیئر کیے جانے کا صدمہ لیے دنیا سے رخصت ہونے والے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کو ایف آئی اے نے طلب کر لیا ہے، یاد رہے کہ دانیہ شاہ نے ہی عامر لیاقت کی غیر اخلاقی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھیں۔ یہ ویڈیوز انہوں نے تب بنائیں جب وہ عامر لیاقت کے نکاح میں تھیں۔ تاہم عامر لیاقت کے خلاف خلع کا دعوی دائر کرنے کے بعد دانیا شاہ نے یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر دی تھیں جس کے بعد ٹی وی اینکر سخت ذہنی دباؤ میں آگئے تھے اور انہوں نے خود کو گھر کے کمرے تک محدود کر لیا تھا۔ تاہم یاد رہے کہ ان ویڈیوز کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے پہلے عامر لیاقت نے دانیہ کی قابل اعتراض ٹیلیفونک گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے کراچی کی مقامی عدالت میں عامر لیاقت حسین کی بیوہ دانیہ شاہ کیخلاف کیس درج کرنے سے متعلق دائر کردہ درخواست پر رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ دانیہ شاہ کو طلب کرنے کیلئے خط ارسال کر دیا گیا ہے، جس میں عامر لیاقت کے بیٹے اور بیٹی کو بھی کیس کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے بیان ریکارڈ کرانے کا کہا گیا ہے۔ عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایف آئی اے دفعہ 154 کے تحت دانیہ شاہ کا بیان لینا چاہتی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر لیک کی گئی ویڈیو کو بھی ساتھ لانے کا کہا گیا ہے۔
فیڈرل انوسٹی گیشن کے مطابق تاہم سابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی بیوہ دانیہ شاہ کی جانب سے جواب نہیں آیا، دانیہ شاہ کا بیان ریکارڈ ہونے پر عدالت کو آگاہ کیا جائے گا، عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے حکام سے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 18 جون کو عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ کے خلاف نازیبا ویڈیو وائرل کرنے پر کارروائی کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ عدالت ایف آئی اے کو دانیہ شاہ کے خلاف سائبر کرائم کے تحت کارروائی کا حکم دے۔ تاہم دوسری جانب دانیہ شاہ کا موقف ہے کہ اس نے عامر لیاقت کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل نہیں کیں اور یہ کام کسی تیسرے شخص کا ہے۔