ایم ٹی وی میوزک ایوارڈز کیلئے جسٹن بیبر 7 کیٹیگرز میں نامزد

پاپ اسٹار جسٹن بیبر اور ریپر میگن تھی اسٹالین رواں برس ہونے والے ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز کے لیے سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز کے نے اگلے ماہ منعقد ہونے والی تقریب سے قبل نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔

برطانوی خبررساں ادارے ‘رائٹرز’ کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کو آرٹسٹ آف دی ایئر، پاپ سانف ‘پیچز ‘ کے لیے بہترین پاپ گانے اور ڈی جے خالد اور ڈریک کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو ‘ پاپ اسٹار ‘ کے لیے سال کی بہترین ویڈیو سمیت 7 کیٹیگریز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

آرٹسٹ آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے ان کا مقابلہ میگھن تھی اسٹالین سے ہوگا جنہیں 6 کیٹیگریز میں ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

بہترین آرٹسٹ کے لیے نامزد کیے گئے دیگر فنکاروں میں آریانا گرانڈے، ڈوجا کیٹ، اولیویا روڈریگرو اور ٹیلر سوئفٹ شامل ہیں۔

ویڈیو آف دی ایئر کے لیے ڈوجا کیٹ کی ‘کِس می مور’، ایڈ شیرین کی ‘بیڈ ہیبٹس’، لِل ناس ایکس کی ‘مونٹیرو’ اور ویکینڈ کی ‘سیو یور ٹیئرز’ کو بھی نامزد کیا گیا ہے.

بلی آئیش، بی ٹی ایس، ڈوجا کیٹ، ڈریک، گیویون، لِل ناس ایکس اور روڈریگو کو 5، 5 کیٹیگریز میں ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

گزشتہ برس ویڈیو میوزک ایوارڈز کو براہ راست شرکا کے بغیر فلمایا گیا تھا اور زیادہ تر پرفارمنس کو کورونا کی وجہ سے پہلے ہی ریکارڈ کیا گیا تھا۔

رواں برس یہ ایوارڈز 12 ستمبر کو نیویارک میں بارکلیز سینٹر میں منعقد ہوں گے، فاتحین کو مداحوں کی جانب سے آن لائن ووٹنگ کے ذریعے منتخب کیا جائے گا۔

بشکریہ: ڈان نیوز

Back to top button