این اے 249 کے عوام کو ان کا حق دلا کر رہیں گے

این اے 249 میں دوبارہ گنتی کے حکم کے بعد نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا ردِعمل سامنے آ گیا۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی دوبارہ گنتی میں پکڑی جائے یا اس کے بعد کے اقدامات میں، مگر پکڑی تو جائے گی ان شاءاللّہ کیوں کہ دھاندلی تو ہوئی ہے اور زیادہ دیر تک چھپی نہیں رہے گی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ جب تک این اے 249 کے عوام کا حق ان کو واپس نہیں مل جاتا، ہم جانے نہیں دیں گے۔ یہ عوام کے ووٹ کی عزت کا سوال ہے کوئی مزاق نہیں ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی امیدوار امجد اقبال آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 249 میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں، سعید غنی پورا الیکشن مینج کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر صوبائی حکومت کے احکامات پر کام کر رہے تھے، این اے 249 میں دوبارہ پولنگ کی درخواست جلد جمع کرائیں گے، فارم 45 اور فارم 46 پولنگ ایجنٹس کو فراہم نہیں کیے گئے۔ خیال رہے کہ ن لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 کے انتخابی نتائج کو چیلنج کیا تھا مفتاح اسماعیل نے حلقہ این اے 249 کے ریٹرننگ آفیسر کو تحریری طور پر ریٹرننگ آفیسر کو 3 درخواستیں جمع کروائی گئی تھیں، واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے حکمران جماعت تحریک انصاف سے یہ نشست چھینی ہے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دوہری شہریت کیس میں نااہلی سے بچنے کےلیے قومی اسمبلی کی اس نشست سے مستعفی ہوکر سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے تھے جس کے بعد یہ نشست خالی ہوگئی تھی.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button