بھارتی اقدامات کا جواب سلامتی کمیٹی دےگی،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کاکہنا ہے کہ بھارتی اقدامات کا جواب کل مل جائے گا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی جواب دے گی۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ  بھارت نے جو اعلانات کیے وہ غیر مناسب ہیں۔ بھارت کو ترکی بہ ترکی جواب دیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کاکہنا ہے کہ بھارت کے اعلانات میں غیرسنجیدگی تھی،بھارت پاکستان کو دہشت گردی کے ثبوت فراہم کرے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ کل نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، دہشت گردی واقعات کا غصہ اس طرح نکالنا مناسب نہیں۔بھارت اپنے مسائل کا ملبہ پاکستان پر ڈال دیتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے بھارتی سفارتی جارحیت کا اسی زبان میں جواب دینےکا فیصلہ کیاگیاہے۔

بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے اور سفارتی تعلقات مزید نچلی سطح پر لانے کے اعلان کے بعد پاکستانی دفتر خارجہ بھی متحرک ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ میں بھارتی سفارتی جارحیت پر مشاورت جاری ہے۔

وزارت خارجہ اعلیٰ سطح کی قیادت کی ہدایت کے بعد فیصلوں کا اعلان کرے گی، وزارت خارجہ کل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی تفصیلی بریفنگ دے گی اور حتمی فیصلے سول و عسکری قیادت کی ہدایات کی روشنی میں کرے گی۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات کو مزید نچلی سطح پر لایا جائے گا جبکہ بھارتی دفاعی، ائیر اور نیول اتاشیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کو واپس بھیجنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کو واپس بھجوانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

خیال رہےکہ مقبوضہ کشمیر میں پہلگام کے سیاحتی مقام پر گزشتہ روز سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد آج بھارتی وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور پاکستانیوں کے سارک کے تحت ویزے بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

Back to top button