ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر نواز،شہباز کی مریم کو مبارکباد

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر مریم نواز کو مبارکباد دی ہے۔

نواز شریف نے مریم نواز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کے خلاف مقدمات جھوٹے تھے، میرے اور مریم نواز کے خلاف مقدمات سیاسی تھے، مقدمات کا مقصد ہمیں سیاست سے باہر نکالنا تھا۔

انکاکہناتھا اللہ نے جھوٹوں کو آج بے نقاب کیا، 2018 کے انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے عجلت میں سزا سنائی گئی۔
نوازشریف نے کہا یہ چاہتے تھے کہ میں سزا سن کر پاکستان نہ آؤں، بیمار بیوی کو چھوڑ کر بیٹی کے ہمراہ گرفتاری دینے پاکستان پہنچا تھا۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف نے مریم نواز کو کیسز سے بری ہونے پر مبارکباد دی اور گلے لگا لیا۔

وزیراعظم نے ملاقات میں کہا کہ اللہ نے بہت بہت کرم کیا ہے، خدا نے بڑی عزت دی ہے، میرے قائد نواز شریف بھی جلد اللہ کے فضل سے بری ہوں گے۔

وزیر اعظم نے کہا نوازشریف کے خلاف جج ارشد ملک مرحوم کی گواہی پر انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے،اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں بیٹی مریم اور بیٹے صفدر کو بالآخر انصاف ملا،اللہ کے حضور ہمارے سر شکر کے احساس سے جھکے ہوئے ہیں اس نے ہمیں سرخرو فرمایا،سیاسی انتقام کا ایک تاریک دور آج انجام کو پہنچا اور بے گناہ سرخرو ہوئے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے بہادری، صبر اور ثابت قدمی سے مشکل ترین حالات کا سامنا کیا، آج کے عدالتی فیصلے سے جھوٹ، بہتان اور کردار کشی کی تمام عمارت زمیں بوس ہو گئی، مریم نواز کا بری ہونا اس سیاسی انتقام کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے جس کے ذریعے شریف خاندان کو نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ آج 29 ستمبر 2022 کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو 7 سال کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کرنے کا فیصلہ جاری کیا ہے۔

Back to top button