عمران خان کے الزامات کا نوٹس ، تقاریرکا ریکارڈ طلب

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم عمران خان کے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی حالیہ تقاریرکا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا، جس میں عمران خان کے ادارے پر حالیہ الزامات کا جائزہ لیا گیا اور الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم کے الزامات کا نوٹس لیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین پیمرا کو خط لکھا گیاہے جس میں عمران خان کی تقاریر کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔
ای سی پی نے عمران خان کی بھکر اور لیہ میں تقریر کا ریکارڈ طلب کیا ہے جب کہ 8 جولائی کو خوشاب میں کی جانے والی تقریر کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔
ادھر ترجمان الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی جانب سے سوشل میڈیا پر لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کو حمزہ اور مریم سے چھپ کر ملنے کی ضرورت نہیں، سیاستدان خود ملنے آتے ہیں، الزام لگانا آسان ہے۔، ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔
ای سی پی الیکشن کمیشن اشتعال اور دباؤ میں آئے بغیر اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہےگا، پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شفاف الیکشن کو یقینی بنائیں گے، ہم کسی مسٹر ایکس وائی زیڈ کو نہیں جانتے، ہمارا کام شفاف غیرجانبدارانہ الیکشن کرانا ہے۔