بغیراجازت کسی کا موبائل فون ڈیٹا نکالنا خلاف آئین قرار

ہائی کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں قرار دیا ہے کہ بغیر اجازت کسی کا موبائل فون ڈیٹا نکالنا خلافِ آئین ہے۔
عدالت نے دہشت گرد تنظیم سے تعلق اور مواد پھیلانے کے الزام میں قید کی سزا پانے والے شخص کو بری کردیا۔ جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس امجد رفیق پر مشتمل بینچ نے شک کا فائدہ دے کر رحمت اللہ کو بری کرنے کا فیصلہ دیا۔ سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ملزم کو انسداددہشت گردی عدالت نے مجموعی طور پر 10 سال کی سزا سنائی تھی۔
لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم یا مجسٹریٹ کی اجازت کے بغیر اس کے فون ڈیٹا نکلوانا آئین کے آرٹیکل 13 کے خلاف ہے۔ ہمیں تشویش ہے کہ کسی کے ذاتی فون کا ڈیٹا لینا اچھی روایت نہیں کیوں کہ یہ پرائیویسی کے حقوق کے خلاف ہے۔ عدالت محسوس کرتی ہے کہ اگر ملزم راضی نہ ہو تو کم از کم مجسٹریٹ سے فون کا ریکارڈ لینے کے لیے اجازت طلب کرنی چاہیے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر معلومات کا حصول قانون کے خلاف ہے تو اسے قانون کے ذریعے روکا جا سکتا ہے۔ قانون کے تحت اگر موبائل فون کا ڈیٹا کسی جرم کا لنک دے رہا ہے تو24 گھنٹے میں عدالت کے نوٹس میں لا کر اسے دیکھا جا سکتا ہے۔ استغاثہ کی جانب سے مواد تقسیم کرنے کا الزام کسی شہادت سے ثابت نہیں ہوتا۔ موبائل سے ملنے والا مبینہ مواد کسی بھی گواہ کے بیان کے وقت ملزم کے سامنے نہیں رکھا گیا۔
