پی ٹی آئی کاعمران خان کی رہائی کیلئےتحریک کااعلان

پاکستان تحریک انصاف نے بانی چیرمین عمران خان کی رہائی کے لیے ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق 5 اگست کو عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا اور ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کی قیادت کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، مرکزی جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور پارٹی کی دیگر مرکزی و صوبائی قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے کہا کہ اجلاس میں ون پوائنٹ ایجنڈا بانی چئیرمین کی رہائی کے لیے تحریک چلانے پر مشاورت کی گئی، اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پشاور جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی چئیرمین کو ناحق جیل میں رکھا گیا ہے، بانی چئیرمین کی رہائی کے لیے ہم نے ہرقانونی اور جمہوری راستہ اپنایا، احتجاج کرنا ہمارا حق ہے اور جمہوری دور میں اپنے حق کے لیے احتجاج کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 24 نومبر کو ہم نے اسلام آباد احتجاج کے لیے پشاور سے نکلے 26 نومبر کو اسلام آباد پہنچے تو ہم پر تشدد کیا گیا، فائرنگ کی گئی ہمارے کارکن جاں بحق ہوئے اور کئی زخمی ہوئے ہمارے پرامن احتجاج پر تشدد کی ایف آئی آر درج کرانے کی درخواستیں دی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا ہم نے انصاف کے لیے عدالت سے رجوع کیا تو عدالت سے سماعت کیے بغیر وکلا کو سنے بغیر درخواستیں خارج کر دیں۔

Back to top button