سانحہ گل پلازہ:جوڈیشل کمیشن رپورٹ پبلک کرنے کی درخواست مسترد

سندھ انفارمیشن کمیشن نے سانحہ گل پلازہ کی رپورٹ پبلک کرنے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے مختصر فیصلہ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے سانحہ گل پلازہ پر بنائی گئے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کی درخواست سندھ انفارمیشن کمیشن میں دائر کی گئی تھی۔
سندھ انفارمیشن کمیشن نے درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں رپورٹ پبلک کرنے کی درخواست پر چیف سیکرٹری کا جواب فیصلے میں شامل کیا گیا ہے۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ گل پلازہ سانحے کی انکوائری اور عمل درآمد چل رہاہے، گل پلازہ سانحے کی تحقیقات مکمل ہونے تک جوڈیشل کمیشن رپورٹ پبلک نہیں کی جاسکتی۔
سندھ انفارمیشن کمیشن نے فیصلے میں لکھا کہ تفصیلی تحریری فیصلہ جلد جاری کیا جائے گا۔ اُدھر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ تحریری فیصلہ آنے کے بعد قانونی جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ History
بعد ازاں کمیشین نے تفصیلی اور تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کیس کی ایف آئی آر پر تحقیقات جاری ہیں، اس مرحلے پر رپورٹ فراہم نہیں کی جا سکتی جبکہ عدالت میں چالان جمع ہونے کے بعد رپورٹ پبلک ریکارڈ کا حصہ بن جائے گی۔
سندھ انفارمیشن کمیشن نے فیصلے میں لکھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے آر ٹی آئی قانون کے تحت گل پلازہ انکوائری کمیشن رپورٹ اور ریکارڈ کی فراہمی کی درخواست دی تھی۔ کمیشن نے قرار دیا کہ جاری تحقیقات کے دوران عدالتی رپورٹ جاری کرنے سے تفتیش متاثر ہو سکتی ہے۔
