اسلام آباد پر دھاوا بولنے والوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا : محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد پر دھاوا بولنےکی تیاری کررہی ہے،ابھی بھی ان کے پاس وقت ہے بندگلی میں نہ جائیں،دھاوا بولنے کی کوشش کرنےوالوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑےگا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کاکہنا تھاکہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے کا کسی کو فائدہ نہیں ہوگا،اس بار یہ نہیں ہوگا کہ وہ آئیں اور ملک 10 سے 20 روز کےلیے بند ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کے زیادہ تر لوگ لانگ مارچ نہیں کرنا چاہتے،ابھی وقت ہے اس بندگلی میں نہ جائیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ہو، اس طرح کے ڈراموں سے کوئی چیزحاصل نہیں ہوسکتی،اس بار مستقل لائحہ عمل بنایا جائےگا۔پی ٹی آئی کو مشورہ ہے اپنا اور اپنے لوگوں کا نقصان نہ کریں، سومنات والی بڑھکوں سے فرق نہیں پڑتا، لانگ مارچ کےلیے آتے ہیں تو اس دفعہ کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ پی ٹی آئی پھر بھی دھرنے کےلیے آتی ہےتو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کریں گے،پی ٹی آئی والوں کو خود معلوم نہیں کہ ان کا مطالبہ کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اگر ان کا مطالبہ عمران خان کے چیک اپ کا ہےتو وہ کل رات بھی ہوا، عمران خان کے علاج کےلیے قانون کے مطابق ہرچیز کریں گے،ان کے کہنے پر چیک اپ نہیں ہوگا،پی ٹی آئی والوں کو چیک اپ سے متعلق بتانے کی ضرورت نہیں،بڑھکیں مارنے والوں کو بولنے دیں۔
انہوں نے کہاکہ ہنگو کے شہداء کے جناروں میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور نہ کوئی وزیر شریک ہوا،سیاسی اختلافات جتنے مرضی ہوں،لیکن اتنی انتہا پرجاتے نہیں دیکھا،جنازے میں شرکت نہ کرنا،کیا یہ لوگ اتنے بےحس ہوگئےہیں۔
ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ کاکہنا تھاکہ معیشت پر زیادہ نہیں بولنا چاہتا،عالمی مارکیٹ کے حساب سے پیٹرول کی قیمت بڑھتی ہے،بہت سے ممالک میں تو پیٹرول مل ہی نہیں رہا۔
کیا تحریک انصاف 27 ستمبر کو دوبارہ 9 مئی بنانا چاہتی ہے؟
محسن نقوی نے کہا جو صورت حال چل رہی ہے،تو وفاقی وزیر نے ٹھیک کہاکہ ہزار روپے میں بھی پیٹرول نہیں ملےگا،ایک ایک جہاز کے پیچھے ہر بندہ جان ماررہا ہے۔
نئے صوبوں سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا میں پُرامید ہوں کہ صوبے ضرور بنیں گے،نئے صوبوں کا معاملہ بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہاہے۔
