توہین عدالت کیس کا تحریری حکم نامہ جاری

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس میں تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کے توہین آمیز جملے بھی حکم کا حصہ بنائے ہیں۔
عمران خان کے توہین آمیز جملے بھی عدالتی حکم نامے کا حصہ بنائے گئے ہیں جس میں عمران خان نے کہا تھا ’اور مجسٹریٹ صاحبہ زیبا آپ بھی تیار ہو جائیں‘، عمران خان نے مزید کہا تھا ’آپ کے اوپر بھی ہم ایکشن لیں گے آپ سب کو شرم آنی چاہئے۔
عدالت نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں 31 اگست کو طلبی اور شوکاز نوٹس جاری کر دیا، ‏اسلام آبادہائیکورٹ نے ایس ایچ او بنی گالہ کو عمران خان کو جاری شوکاز نوٹس کی تعمیل کرانے کا حکم دیا ہے۔
تحریری حکم میں کہا گیا کہ ‏عمران خان کا جج کو دھمکی دینےکا مقصد عوام کی نظر میں عدلیہ کے وقار اورساکھ کو مجروح کرنا ہے، ان کا توہین آمیز بیان بادی النظر میں عوام کے عدلیہ پر اعتماد ختم کرنے کی کوشش ہے، ‏بادی النظر میں عمران خان کا جج سے متعلق توہین آمیز بیان انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہے۔
تحریری حکم میں مزید کہا گیا ہےکہ عوام کا عدلیہ پر اعتماد ختم کرنے کی کوشش براہ راست توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، عمران خان نے انصاف کے نظام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی، عمران خان کے بیان نے عدلیہ پر عوامی اعتماد کو خراب کرنے کی کوشش کی۔

Back to top button