قومی اسمبلی:لیگی رکن نوشین افتخارکی اپوزیشن پرتنقید،بھوت قرار دیدیا

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن  کی رکن اسمبلی نوشین افتخار نے اپوزیشن کوتنقید کانشانہ بناتے ہوئے”بھوت” قرار دے دیا۔

بجٹ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے سیدہ نوشین افتخار نے کہا کہ انہوں نے سنا تھا کہ "لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے”، تاہم ایوان میں آ کر معلوم ہوا کہ یہ بھوت ان کی ساتھ والی نشستوں پر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 9مئی کے واقعات میں ان کا کردار رہا اور انہوں نے عالمی مالیاتی فنڈ کے پروگرام کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کو اپنے سزا یافتہ عمران خان کی فکر ہے جبکہ پاکستان کے مفادات کی کوئی فکر نہیں۔

سیدہ نوشین افتخار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعت عوامی مقبولیت کے دعوے کرتی ہے، لیکن ڈسکہ کے عوام نے انہیں تین مرتبہ انتخابی میدان میں شکست دی ہے۔

ان کے خطاب کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان نعرے بازی اور جملوں کا تبادلہ بھی دیکھنے میں آیا، جبکہ بجٹ پر بحث کا سلسلہ جاری رہا۔

 

 

Back to top button