حریم شاہ کی شادی سے وزراء کے گھروں میں جھگڑے شروع

جب سے ٹک ٹاکر حریم شاہ کی جانب سے سندھ کے ایک صوبائی وزیر کے ساتھ شادی کا دعوی سامنے آیا ہے، پیپلز پارٹی کی صفوں میں کھلبلی مچ چکی ہے اور تمام مشکوک رہنے اسمبلی اپنے ساتھیوں اور اپنی بیگمات کو اپنے بارے میں وضاحتیں دینے میں مصروف ہیں۔ یاد رہے کہ حریم شاہ نے دعوی کیا تھا کہ ان کا پیپلز پارٹی کے ایک صوبائی وزیر کے ساتھ نکاح ہو چکا ہے اور وہ شادی کو تب پبلک کریں گے جب اپنی پہلی بیوی کو منا لیں گے۔
اب حالات یہ ہیں کہ وزرا کے گھروں میں میاں بیوی کے جھگڑے پڑ چکے ہیں۔ لہازا تمام رنگین مزاج اراکان سندھ اسمبلی اپنے دونوں ہاتھ ہوا میں لہرا کر دکھا رہے ہیں اور بتا رہے ہیں کہ گھڑی اور انگوٹھی پہنے جس ہاتھ کی تصویر حریم شاہ نے جاری کی ہے، وہ انکا نہیں ہے۔ دوسری جانب صحافی حضرات بھی یہ جاننے کی کوشش میں مصروف ہیں کہ آخر تصویر میں موجود ہاتھ کس سیاستدان وزیر کا ہے۔ یاد رہے کہ حریم نے سوشل میڈیا پر دو ہاتھوں کی تصویر شیئر کی تھی جس میں ایک ہاتھ لڑکی کا ہے جبکہ دوسرا ایک مرد کا۔ دونوں ہاتھوں کی ایک ایک انگلی میں انگوٹھی ہے جب کہ مرد کی کلائی پر ایک بیش قیمت گھڑی بھی بندھی ہوئی ہے۔
بتایا جاتا رہا ہے کے حریم شاہ کی جانب سے کئے جانے والے دعوے کے بعد سندھ کے ہر وزیر کی بیگم اپنے شوہر پر شک کرنے لگی ہے اور اس کے گھر آنے اور باہر جانے کا حساب کتاب رکھا جا رہا ہے۔ حرہم کے دعوے نے کشمور سے کراچی تک تمام کابینہ اراکین کو مشکوک کر دیا ہے اور کئی وزراء نے تو حلف اٹھا کر اپنی بیگمات کو یقین دلایا ہے کہ ٹک ٹاکر لڑکی اسکی دلہن نہیں بنی۔
حریم شاہ کی جانب سے سندھ کے صوبائی وزیر سے نکاح پڑھائے جانے کے دعوے کے بعد سب سے پہلے جس وزیر کو وضاحت دینی پڑی وہ سعید غنی تھے۔ انہوں نے حریم شاہ سے شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ میں نہ تو ان محترمہ کو جانتا ہوں، نہ کبھی ان سے ملا ہوں اور نہ ہی میں نے کبھی انہیں دیکھا ہے۔
الحمداللہ میں اپنی واحد بیوی اور بچوں کیساتھ خوشگوار زندگی گذار رہا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ براہ مہربانی بغیر تصدیق کہ اس طرح کی خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔ لیکن اگر محترمہ نے واقعی شادی کرلی ہے تو میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سعید غنی نے کہا کہ میں گھڑی بھی پہنتا ہوں اور انگوٹھی بھی لیکن یہ وہ نہیں جو کہ تصویر میں نظر آرہی ہیں۔
دوسری جانب حریم شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی میں 3 صوبائی وزراء نے شرکت کی۔ حریم نے اپنے شوہر کا نام واضح طور پر نہیں بتایا تاہم انہوں نے یہ ضرور کہا کہ میرے شوہر پہلے سے شادی شدہ ہیں اور جیسے ہی وہ اپنی پہلی بیوی کو منا لیں گے، ہم شادی کو پبلک کر دیں گے۔ حریم نے کہا کہ میری جس شخص سے شادی ہوئی ہے، وہ رکن سندھ اسمبلی ہیں اور اس وقت صوبائی وزیرہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے شوہر کراچی میں مقیم ہیں اور ہم 4 جولائی کو ہنی مون ہر جانے والے ہیں۔ تاہم صحافیوں کی تمام تر کوششوں کے باوجود ابھی تک حریم شاہ کے دلہے کا پتہ نہیں چل سکا۔
دوسری جانب صوبائی مشیر مرتضیٰ وہاب نے ان افواہوں کی تردید کی ہے کہ حریم شاہ ان کی دلہن بنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں اور ان کا ایسے پنگوں میں پڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے ہاتھ اس معاملے میں بالکل صاف ہیں۔ اسی طرح سندھ کے وزیر نواب تیمور تالپور نے بھی تردید کی ہے کہ انہوں نے حریم شاہ سے شادی کرلی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس خاتون سے شادی کرنے سے تو بہتر ہے کہ بندہ خود کشی کر لے۔ اسی طرح پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی ذوالفقار علی شاہ نے بھی حریم شاہ سے نکاح کی خبروں کی تردید کی ہے۔ صوبائی وزیر خوراک اسماعیل راہو سے جب اس بابت سوال کیا گیا تو انہوں نے جواباً کہا کہ ’میں تو آپ سے یہ بات سن رہا ہوں۔ انہوں نے اپنے ہاتھ دکھائے اور کہا کہ ’میں گھڑی ہمیشہ پہنتا ہوں، لیکن انگوٹھی نہیں پہنتا۔‘
تاہم ایک بات طے ہے کہ تنازعات کی زد میں رہنے والی حریم شاہ نے کامیابی سے ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے اور خبروں میں واپس آ گئی ہیں۔ حریم شاہ نے تازہ گفتگو میں واضح کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ان کی شادی کی تقریب میں موجود نہیں تھے، اور انہیں اس معاملے کا نہیں پتا۔ یاد رہے کہ حریم کی شادی کی خبر کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر عام ہے۔ اس خبر کے بعد جہاں کچھ صارفین نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، وہیں کچھ نے سوال کیا کہ اس میں اتنی بڑی خبر کیا ہے۔ شادی تو سب ہی کرتے ہیں، اگر حریم شاہ نے بھی کرلی تو اس میں کونسی انوکھی بات ہے۔ اس معاملے پر ٹوئٹر صارف جونی نے اپنی ٹویٹ میں رویت ہلال کمیٹی کی دور بین کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا: ’پاکستانی عوام حریم شاہ کے خاوند کو ڈھونڈتے ہوئے۔‘ حماد نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں مفتی قوی کی تصویر شامل کرتے ہوے لکھا: ’مفتی قوی حریم شاہ کو شادی پر مبارک باد دیتے ہوئے۔‘ جیو نیوز کے اینکر عبداللہ سلطان نے اپنی ٹویٹ میں حریم شاہ کو شادی کی مبارک باد دی۔لیکن کچھ صارفین نے شیخ رشید کو بھی گفتگو میں گھسیٹ ڈالا اور لکھا کہ بیچارا شیخ چلی ایک مرتبہ پھر کنوارا ہی رہ گیا۔

Back to top button