حکومت ملک کو تباہی کے دہانے پر لے آئی

مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہے ، بیس ہزار ماہانہ کمانے والے آج آٹا ، دال اور چینی خریدنے سے قاصر ہیں۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستِ مدینہ میں کوئی رات کو بھوکا نہیں سوتا تھا لیکن موجودہ حکومت آج عوام پر بھاری بھرکم بوجھ بن گئی ہے ، حکومتی بجٹ سراسر فراڈ پر مبنی تھا ، بجلی کے بل عوام پر بجلی بن کر گر رہے ہیں۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ، تنخواہ 20 ہزار ہو اور بجلی کی بل 10 ہزار آجائے تو گزارہ کیسے ہو؟ اگر ڈالر روپے کے مقابلے میں چالیس فیصد اوپر چلا جائے تو اس حکومت کے بارے میں آپ کیا کہیں گے؟
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بچہ بچہ گواہی دے رہا ہے کہ یہ 74سال کی بدترین حکومت ہے جس نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے ، ریاست مدینہ کا نام لینے والوں نے عوام کو مہنگائی کے سیلاب میں ڈبو دیا۔ حکومت کی جانب سے شرائط پوری کرنے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگایا گیا لیکن آئی ایم ایف ابھی بھی راضی نہیں ہے۔
امپورٹڈ مہنگائی ملک میں فاقہ کشی اور خودکشی کی وجہ بن رہی ، موسم کی وجہ سے فصل خراب ہوسکتی ہے لیکن عموماً پاکستان میں گندم اور دوسری اجناس وافر مقدار میں ہوتی ہے۔