دریائے راوی، چناب، جہلم میں سیلاب کا خطرہ

دریائے راوی، چناب اور جہلم میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔مختلف اضلاع میں بارشوں اور بھارت سے مسلسل پانی کی آمد کے باعث دریاؤں کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔اس صورتِ حال کے حوالے سے پی ڈی ایم اے نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارتی ڈیمز میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ نشیبی علاقوں سے لوگوں کے انخلاء کو یقینی بنائیں اور پانی کی گزرگاہوں سے تجاوزات کا خاتمہ بھی یقینی بنایا جائے۔
دریائے چناب میں آنے والے سیلاب سے جھنگ کے 50 دیہات زیرِ آب آ گئے جس کے باعث وسیع رقبے پر تیار فصلیں متاثر ہوئی ہیں، ان متاثرہ علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
متاثرین کو آمد و رفت اور اشیائے ضروریہ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔