ساجد گوندل اغواء کے معاملے پر تین رکنی کابینہ کمیٹی قائم

حکومت نے ساجد گوندل اغواء کے معاملے پر تین رکنی کابینہ کمیٹی قائم کردی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ نے کابینہ کے سامنے ساجد گوندل کے اغواہ کا معاملہ رکھا، سیکرٹری داخلہ نے وزیر اعظم اور کابینہ کو ساجد گوندل کے معاملے پر بریفننگ دی، کابینہ نے ساجد گوندل کے اغواء کے معاملے پر تین رکنی کابینہ کمیٹی قائم کردی، کمیٹی میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر، وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری اور سیکرٹری داخلہ کمیٹی میں شامل ہیں۔
کمیٹی وزیرا‏عظم کو تحقیقات سے متعلق رپورٹ پیش کرے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ساجد گوندل کو بازیاب کرانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔گزشتہ روزاسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ کو ساجد گوندل کا معاملہ کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے اس مقام کا دورہ کیا جہاں سے مبینہ طور پر ساجد گوندل کو اغوا کیا گیا، اور جہاں سے ان کی کار لاوارث کھڑی ملی تھی۔ ایس ای سی پی کے لاپتہ افسر ساجد گوندل کے کیس میں ایس ای سی پی کے کئی ملازمین کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔
ادھر ساجد گوندل کے اہل خانہ نے وزیراعظم آفس کے باہر احتجاج کیا۔ ساجد گوندل کی اہلیہ کہتی ہیں کہ کوئی ادارہ ان سے رابطہ نہیں کررہا ، حکومتی ادارے مدد کریں، وہ بس یہ چاہتی ہیں کہ ساجد جلد واپس آجائيں۔خیال رہے کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل چند روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتا ہوگئے تھے۔ان کی گاڑی زرعی تحقیقاتی مرکز شہزاد ٹاؤن کے قریب کھڑی ملی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button