شوبز شخصیات ہر ماہ بجلی کا کتنا بل ادا کرتی ہیں؟

پاکستان میں آج کل ہر کوئی بجلی کے بڑھتے بلوں سے متاثر ہے، عام افراد اور اعلیٰ طبقے لوگ تو بجلی کی زائد قیمتوں سے متاثر ہی ہیں لیکن اس کے ساتھ شوبز شخصیات بھی بجلی کے زائد بلوں پر شکایات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔نامور اداکارہ سعدیہ امام، مشہور ٹی وی شو میزبان ندا یاسر، نادیہ خان اور ماڈل فضا علی نے اپنے گھر کے بجلی کے بِل، پیٹرول اور اشیائے خورونوش کے اخراجات کی تفصیلات ظاہر کی ہیں، اداکاروں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے ان کے گھر کے اخراجات بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل آئوٹ سٹائل پر ایک ویڈیو شئیر کی جہاں تمام اداکارائیں اپنے بجلی کے بھاری بل کی تفصیلات بتا رہی ہیں، سعدیہ امام نے انکشاف کیا کہ کچھ ماہ قبل ان کے گھر کا بجلی کا بل 67 ہزار روپے آیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے گھر میں سولر سسٹم لگوا لیا، سولر سسٹم لگوانے کے بعد اب گزشتہ ماہ بجلی کا بِل 19 ہزار روپے آیا ہے اور 5 ہزار روپے ٹیکس لگنے کے بعد کُل بجلی کا بِل 26 ہزار روپے ہوگیا ہے، ان کے گھر میں 2 اے سی لازمی چل رہے ہوتے ہیں۔سعدیہ امام نے انکشاف کیا کہ ان کے پاس صرف ایک گاڑی ہے جو بیٹی کے لیے سکول کیلئے استعمال ہوتی ہے، جبکہ مہنگائی کی وجہ سے ان کے گھر کا بجٹ بھی شدید متاثر ہوا، کچھ ماہ قبل گھر کا سامان 45 سے 50 ہزار روپے میں خریدتی تھیں، اس بار یہ خرچہ 75 ہزارروپے تک پہنچ گیا ہے، ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ جو آلو اور ٹماٹر، پودینہ 100 سے 200 میں فروخت ہوتے تھے اب 300 تک جا پہنچے ہیں۔ماڈل فضا علی نے بتایا کہ اے سی نہ چلانے کے باوجود ان کے گھر کا بجلی کا بل 67 ہزارروپے آیا تھا، بجلی کا بل کم کرنے کے لیے گھر میں سولر شیٹ یا سولر پینل لگوائیں، پوری دنیا اسی سسٹم پر چل رہی ہے۔نادیہ خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ وہ 3 ہفتے پاکستان میں نہیں تھیں اس کے باوجود بجلی کا بِل 75 ہزار روپے آیا ہے، گزشتہ ماہ گھر میں نہ ہونے کے باوجود اتنا زیادہ بل آیا ہے تومیرے خیال میں رواں ماہ شاید ڈیڑھ کروڑ روپے بِل آئے گا۔کچھ روز قبل پاکستان کی وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 300 کا ہندسہ عبور کر کے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 14.91 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18.44 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور اب آئندہ 15 دن کے لیے جہاں پٹرول کی فی لیٹر قیمت 305.36 روپے ہو گئی ہے وہیں ایک لیٹر ڈیزل 311.84 روپے میں ملے گا۔
