طلاق یافتہ ماں ماہرہ خان کو پھر سے محبت ہوگئی

کرونا وائرس کی وجہ سے جہاں لوگ گھروں میں لاک ڈاؤن ہیں وہیں فلم انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان نے خو کو کسی کی محبت میں قید ہونے کا انکشاف کر دیا ہے اور اب انکے مداح اس بات کے منتظر ہیں کہ ماہرہ خان کب اپنے خوابوں کے شہزادے کا نام افشاء کرتی ہیں۔
فلم اورڈرامہ انڈسٹری کی خوبصورت فلم اسٹار ماہرہ خان نے اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ وہ کسی کی محبت میں گرفتار ہوچکی ہیں لیکن وہ نام نہیں بتائیں گی کیونکہ وہ اس حوالے سے بہت شرمیلی ہیں اور انھیں نام لیتے ہوئے شرم آتی ہے۔ اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے سپر اسٹار ماہرہ خان سے سوال کیا کہ کیا آپ بھی کسی خاص شخص سے محبت کرتی ہیں؟ ماہرہ نے ثمینہ پیرزادہ کے سوال کے جواب میں کہا کہ ‘ہاں شاید میں محبت میں مبتلا ہوں، جس پر میزبان نے کہا کہ یہ تو بہت ہی اچھی بات ہے۔ بعد ازاں ماہرہ خان نے کہا کہ میں اس معاملے میں بے حد شرمیلی ہوں، جس پر ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ کیا میں اس شخص کو جانتی ہوں؟ ثمینہ پیرزادہ کے سوال پر اداکارہ نے جواب دیا کہ ’شاید آپ اسے جانتی ہوں لیکن ان کا تعلق انڈسٹری سے نہیں ہے‘۔
ثمینہ نے ماہرہ خان سے اُس خاص شخص کا نام پوچھا تو اداکارہ نے کہا کہ ’میں ان کا نام نہیں بتا سکتی، یہ وہ خیال ہے جس کی میں اپنی زندگی کے ساتھ حفاظت کرنا چاہتی ہوں‘۔ ماہرہ خان کی طرف سے برملا اظہار محبت کے بعد اب امید کی جا رہی ہے کہ وہ بھی جلد دوسری شادی کرلیں گی۔ یاد رہے کہ ماہرہ خان طلاق یافتہ اور ایک بچے کی ماں بھی ہیں۔
جنوری 2020 میں ماہرہ خان نے سال نو کے موقع پر ٹوئٹر پر ایک مداح کے شادی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’جب انہیں لگے گا اور انہیں دوسری شادی کی ضرورت ہوگی تو وہ کرلیں گی۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان نے پہلی شادی 2007 میں علی عسکری سے کی تھی اور ان کا ایک 6 سالہ بیٹا اذلان بھی ہے۔ تاہم ماہرہ خان کی پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور 2015 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ ماہرہ خان کی شادی لو میرج تھی، جو نہیں چلی تو دونوں باہمی رضامندی سے الگ ہو گئے۔ ماہرہ نے کچھ عرصہ قبل اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہیں آسانی سے محبت نہیں ہوتی، جب ہوئی تو شادی کرلی۔ خیر محبت تو اب بھی ہو سکتی ہے اور ہوسکتا ہے شادی بھی ہو جائے مگر فی الحال ایسا کچھ نہیں تاہم اب ان کی طرف سے کسی کی محبت میں گرفتار ہونے کی تصدیق کے بعد ان کی جلد شادی خارج از امکان نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ماہرہ خان نے ترکی میں ایک دیرینہ کاروباری دوست سے منگنی کرلی ہے، تاہم بعد ازاں اداکارہ نے ان خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا اور کہا تھا انہوں نے منگنی نہیں کی بلکہ وہ ترکی ایک دوست کی شادی میں گئی تھیں۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان پاکستان شوبز انڈسٹری کی واحد سپر اسٹار ہیں، جن سے بارڈر پار بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے اور ماہرہ کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے پر مجبور ہوگئے۔ ایم ٹی وی کی ”وی جے“ سے لے کر لوریئل کی برینڈ ایمبیسیڈر کے طور پر، پیرس فیشن ویک میں اپنے حسن اور خوبصورتی کے جلوے بکھیرنے تک، ماہرہ کی کامیابیوں کا کوئی شمار نہیں۔ پیرس کے اخبارات سے لے کر بھارتی میڈیا تک ہر جگہ وہ نمایاں رہتی ہیں۔