عامر خان کی فلم ’’انداز اپنا اپنا‘‘ کے سیکوئل کی تیاریاں

بالی ووڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’انداز اپنا اپنا‘‘ کے سیکوئل کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، اس بات کا انکشاف عامر خان نے اپنی 59ویں سالگرہ کے موقع پر کیا، ہدایتکار راج کمار سنتوشی فلم کے سکرپٹ پر کام کر رہے ہیں۔عامر خان نے یہ بھی کہا کہ ابھی سکرپٹ لکھنے کے عمل کا آغاز ہوا، اس لیے اس کے حوالے سے زیادہ پرجوش نہیں ہونا چاہئے، اس اعلان پر فلم ‘انداز اپنا اپنا’ کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جو کئی برسوں سے اس کے مرکزی کرداروں امر اور پریم کی بڑی سکرین پر واپسی کا انتظار کر رہے ہیں۔نومبر 94 میں ریلیز ہونے والی ہدایت کار راج کمار سنتوشی کی فلم ’’انداز اپنا اپنا‘‘ نے باکس آفس پر تو زیادہ بزنس نہیں کیا تھا لیکن اس کے مکالمے، کرداروں اور ساؤنڈ ٹریک کو کافی پسند کیا گیا۔عامر خان اور سلمان خان نے اس فلم میں امر اور پریم نامی دو ایسے نوجوانوں کا کردار ادا کیا تھا جو پیسہ کمانے کی خاطر ایک امیرزادی سے شادی کے خواہش مند ہوتے ہیں، کہانی میں دلچسپ موڑ اس وقت آتا ہے جب عامر ایک مریض اور سلمان خان ڈاکٹر بن کر روینہ ٹنڈن کے کردار روینہ کے گھر میں رہنے لگتے ہیں جہاں ان کی دوست کرشمہ بھی رہتی ہیں جن کا کردار کرشمہ کپور نے ادا کیا، فلم میں معروف اداکار پریش راول نے ڈبل رول ادا کیے تھے، ایک کردار تیجا نامی گینگسٹر کا تھا تو دوسرا بزنس مین رام گوپال بجاج کا، اداکار محمود، جگدیپ، دیون ورما اور ویجو کھوٹے کے ساتھ ساتھ ٹیکو ٹلسانیہ، شہزاد خان اور جاوید خان بھی موجود تھے۔فلم میں اداکار شکتی کپور کا کرائم ماسٹر ’’گوگو‘‘ کا کردار بچوں میں کافی مقبول ہوا، خاص طور پر ان کے ون لائنرز جو تین دہائیاں گزرنے کے باوجود آج بھی لوگوں کو یاد ہیں، عامر خان اور سلمان خان نے ’’انداز اپنا اپنا‘‘ کے بعد کبھی کسی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا، فلم کے سیکوئل میں دونوں کی موجودگی کے بارے میں بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا لیکن ان کے مداح پراُمید ہیں کہ وہ ایک مرتبہ پھر امر اور پریم کو سکرین پر دیکھ سکیں گے، عامر خان کی اب تک ریلیز ہونے والی آخری فلم لال سنگھ چڈھا 2022 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے باکس آفس پر ناکام ہونے کے بعد انہوں نے اداکاری سے بریک لے لیا تھا۔بطور پروڈیوسر وہ ایک اور فلم لاہور 1947 پر بھی کام کر رہے ہیں جسے راج کمار سنتوشی ڈائریکٹ کریں گے جو اس سے قبل انداز اپنا اپنا کی ہدایات دے چکے ہیں، لاہور 1947میں اداکار سنی دیول مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، اس کی کہانی 1947 میں ہونے والے ہندو مسلم فسادات کے گرد گھومنے کا امکان ہے۔

Back to top button