عمران خان تین سال کی تباہی کا جشن منا رہے ہیں

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان تین سال کی تباہی کا جشن منا رہے ہیں ، پی ٹی آئی حکومت کو نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ قرار دے دیا ۔
خیرپور میں کارکنان کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نااہل اور ناجائز حکومت کو ہم پر مسلط کیا گیا ہے، اس حکومت نے عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے عام آدمی کو تکلیف پہنچائی ہے، یہ عوام کے حقوق سلب کرنا اور ان پر ڈاکا مارنا چاہتے ہیں، عمران خان عوام سے ہر طرح کے حقوق چھیننا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اس عمران خان کا مقابلہ کرنا ہے، پاکستان کے عوام کو اس حکومت سے نجات دلانی ہے، خان صاحب نے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈُبانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، بیروزگاری اور غربت تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے اور خان صاحب اپنی 3 سال کی تباہی کا جشن منا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب نے ہر صوبے پر ڈاکا مارا ہے، جب این ایف سی ایوارڈ نہیں دیا جاتا اور اٹھارہویں ترمیم پر ڈاکا مارا جاتا ہے تو یہ نہ صرف سندھ کے ساتھ ناانصافی ہے بلکہ ہر صوبے کے ساتھ ناانصافی ہے، جب ایک صوبے کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے تو پورے پاکستان کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے’۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘ہم یہ برداشت نہیں کر سکتے کہ کوئی اسلام آباد میں بیٹھا کوئی کٹھ پتلی عوام کے حق پر ڈاکا مارے، عوام کے حق روزگار پر ڈاکا مارا جارہا ہے، سلیکٹڈ عمران خان ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرتا تھا، اسی عمران خان نے ان سے بھی روزگار چھین لیا جن کے پاس روزگار تھا، نوجوان دو دو ڈگریاں لے کر دھکے کھا رہے ہیں لیکن انہیں بھی روزگار نہیں مل رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملزم ملک کا اثاثہ تھی، 10 ہزار خاندان وہاں کام کرتے تھے، اس عمران خان نے آکر ان خاندانوں کو بیروزگار کردیا، بےنظیر بھٹو نے جن لوگوں کو ایف آئی اے میں روزگار دلوایا تھا انہیں 30 سالہ سروس کے بعد بیروزگار کردیا گیا، سندھ پبلک سروس کمیشن ایک سازش کے تحت بند پڑا ہوا ہے، یہ سندھ کے عوام کے ساتھ کس قسم کا مذاق ہے، جن کے پاس روزگار ہے اب ان کا روزگار بھی خطرے میں ہے’۔
