پی ٹی آئی کاخیبرپخونخوا میں گورنرراج کا ڈٹ کرمقابلہ کرنےکااعلان

سابق سپیکر اور رہنماتحریک انصاف اسد قیصرکاکہناہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگایا گیا تو قانونی مقابلہ کریں گے، عوامی ردعمل بھی آئےگا۔
چارسدہ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصرکا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کا اختیار ویسے بھی چھین لیا گیا ہے،گورنر راج لگائیں کوئی پریشانی نہیں، صوبے میں پولیس بے بس ہے، احکامات کہیں اور سے آرہے ہیں، خیبرپختونخوا میں عملاً گورنر راج قائم ہے۔
اسد قیصرکا کہنا تھا کہ ہمارےاراکین اسمبلی اور وزرا کو اٹھایا جا رہا ہے، ملک میں آئین و قانون کو نظر انداز کیا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی کو تمام بنیادی انسانی حقوق سےمحروم رکھا گیا ہے، ملک میں شفاف انتخابات کرائے جائیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہےکہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نہیں لگنی چاہیے، نہ ہی کوئی ایمرجنسی کی صورتحال ہے، لانگ مارچ ہمارا سیاسی فیصلہ ہے اور اٹل ہے،لانگ مارچ پرامن ہوگا، کسی پر چڑھائی نہیں کر رہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا رہیں گے، پارٹی کو شوکت یوسفزئی سےکوئی ناراضگی نہیں، شوکت یوسفزئی اب بھی صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہیں۔
