دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی پر ہائی جیکنگ کا الرٹ، طیارے کی سعودی عرب میں لینڈنگ

 

 

 

 

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے اسرائیل جانےوالے مسافر طیارے کے پائلٹس میں جھگڑا ہونے کے بعد طیارے کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ ۔

دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی ایک مسافر طیارے نے بدھ کو دورانِ پرواز ہنگامی سگنل بھیجا،جس کےبعد کچھ دیر کےلیے طیارے کو ہائی جیک کیے جانے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔پرواز میں تقریباً 180 مسافر سوار تھے اور اسے بعد میں سعودی عرب کے شہر تبوک کے ہوائی اڈے کی طرف موڑدیا گیا۔

رپورٹس کےمطابق طیارے نے پہلے عمومی ہنگامی صورت حال کی نشاندہی کرنے والا کوڈ 7700 اور اس کےبعد کوڈ 7500 منتقل کیا،جو طیارے میں غیرقانونی مداخلت یا ممکنہ ہائی جیکنگ کی نشاندہی کرتا ہے۔تاہم اس کوڈ کا فعال ہونا بذات خود ہائی جیکنگ کی تصدیق نہیں کرتا۔

ہنگامی سگنل کےبعد اسرائیلی فضائیہ نے احتیاطی طور پر جنگی طیارے روانہ کیے جب کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے سکیورٹی حکام کے ساتھ ہنگامی مشاورت کی۔

ابتدائی اطلاعات میں طیارے سے رابطہ منقطع ہونےکی بھی رپورٹس سامنے آئیں جس کے باعث خدشات میں اضافہ ہوا،تاہم اسرائیلی سکیورٹی ذرائع نے واضح کیاکہ اس وقت تک ہائی جیکنگ کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

بعد کی اطلاعات کےمطابق طیارہ بحفاظت سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر اترگیا اور تمام افراد محفوظ رہے۔اسرائیلی میڈیا اور سکیورٹی ذرائع نےبتایا کہ ہنگامی صورت حال کی وجہ طیارے کے دونوں پائلٹس کے درمیان مبینہ جھگڑا تھا، نہ کہ ہائی جیکنگ۔

اس واقعے کےبعد طیارے کے عملے سے پوچھ گچھ اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ یہ واضح ہوسکےکہ دوران پرواز ہنگامی کوڈ کیوں فعال ہوا اور طیارے کا رخ سعودی عرب کی جانب کیوں موڑا گیا۔

 

Back to top button