خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک

 

 

 

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو جہنم رسید کردیا۔

ذرائع کےمطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کےتحت ضلع سہراب کے علاقے مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کردیا جب کہ دوسرا فرار ہوگیا،فتنہ الہندوستان کے ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب سکیورٹی فورسز کی عزم استحکام ویژن کےتحت خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کےمطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرکے 3 خارجی جہنم واصل کیے،کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیاگیا۔

سکیورٹی ذرائع کاکہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز نے میر علی اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو درستگی سے تباہ کردیا،فورسز نے خارجی دہشت گردوں کی جانب سے میرعلی بازار کے قریب راشن کے ٹرک کو روکنےکی کوشش بھی ناکام بنادی۔

سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کےلیے پر عزم ہیں۔

 

Back to top button