خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کےنفاذ کیلئےغورہورہاہے،طارق فضل

وفاقی وزیرپارلیمانی امورطارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے پی میں ایمرجنسی نفاذ سے متعلق سنجیدگی سے غور کر رہی ہے
طارق فضل چوہدری کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف ناکامی کے باعث آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی نفاذ پر غور کیا جارہا ہے، ایمرجنسی کے نفاذ کی صورت میں پیپلز پارٹی حکومت سے تعاون کرے گی، ایمرجنسی نفاذ کے لیے جو بھی سیاسی نقصان اٹھانا پڑے ہم اس کےلیےتیار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا خیبرپختونخوا میں دہشتگردی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، عوام اور امن و امان قائم کرنے والے اہلکار شہید ہو رہےہیں،کے پی حکومت صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر قابوپانےمیں ناکام ہوئی ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا دہشتگردی بلوچستان میں بھی ہے لیکن وہاں کے وزیراعلیٰ روک تھام کیلئے اقدامات کررہے ہیں،کے پی حکومت دہشتگردی کی روک تھام کے سلسلے میں وفاقی حکومت کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔
