صومالی فورسز کاآپریشن،قزاقوں کی فائرنگ سے 3 پاکستانیوں سمیت 5 افراد ہلاک

صومالی فورسز کا ہائی جیک کیے گئے آئل ٹینکر کی بازیابی کیلئے آپریشن، قزاقوں کی فائرنگ سے 3 پاکستانیوں سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

صومالیہ کی میری ٹائم پولیس نے  ’آنر 25‘ نامی  آئل ٹینکر کو قزاقوں کے قبضے سے بازیاب کروالیا۔

انصار برنی ٹرسٹ کے مطابق کارروائی کے دوران صومالی قزاقوں نے فائرنگ کرکے 3 پاکستانی، ایک بھارتی اور ایک میانمارکےشہری کو قتل کردیا جبکہ قزاقوں کی فائرنگ سے 4 پاکستانی شہری زخمی بھی ہوئے۔

صومالی حکام کا کہنا تھا کہ صومالیہ کے علاقے پنٹ لینڈ میں آئل ٹینکر ’آنر 25‘ کے عملے کے 5 ارکان کو قزاقوں نے قتل کیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے 9 قزاقوں کو گرفتار کرلیا۔

صومالی حکام کے مطابق اپریل میں ہائی جیک کیا گیا پالاؤ کا پرچم بردار آئل ٹینکر ایندھن لے کر جارہا تھا، ہائی جیکنگ کے وقت ‘آنر 25’ پر 18 ہزار 500 بیرل تیل لدا ہوا تھا۔

دوسری جانب صومالیہ کی میری ٹائم پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صومالیہ کے نیم خود مختار علاقے ‘پنٹ لینڈ’ کی میری ٹائم پولیس فورس کے اہلکاروں نے ایم ٹی آنر 25 پر کارروائی کی اور عملے کے 17 ارکان کو ریسکیو کر لیا۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بحری اور زمینی دستوں نے یہ آپریشن ضلع بندر بیلا کے علاقے دھرین بار میں کیا۔

خیال رہے کہ آئل ٹینکر ’آنر 25‘ کے عملے میں 10 پاکستانی بھی شامل تھے۔

Back to top button