عمران خان نے توشہ خانے کے کاروبارسے کتنی کمائی کی؟


پاکستان کے 13 صدور اور وزرائے اعظم نے اب تک تین ہزار 39 تحفے توشہ خانے سے کوڑیوں کے داموں حاصل کیے ہیں جن کی کل مالیت 16 کروڑ روپے بنتی ہے، لیکن عمران خان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے توشہ خانہ سے سستے داموں قیمتی تحائف خرید کر مہنگے داموں بیچنے کا بزنس شروع کر دیا۔

یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے 30 سالہ کرکٹ کیریئر میں اتنی کمائی نہیں کی جتنی کہ اپنے چار سالہ دور اقتدار میں توشہ خانہ کے تحفے بیچ کر لی۔ کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اگست 2018 سے دسمبر 2021 تک توشہ خانے سے58سے زائد تحائف خریدے۔ اسکے علاوہ انہوں نے 30 ہزار سے کم مالیت کے درجنوں تحائف مفت میں رکھ لیے کیونکہ قانون میں اسکی گنجائش موجود تھی۔ عمران خان نے 14 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کے تحائف تین کروڑ 81 لاکھ روپے ادا کر کے حاصل کیے جن کی موجودہ مالیت ایک ارب روپے سے زائد ہے۔ اسکے علاوہ انہوں نے آٹھ لاکھ روپے مالیت کے تحائف مفت میں بھی رکھ لیے کیونکہ انکی قیمت 30 ہزار روپے سے کم تھی۔

پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب کے مطابق عمران خان نے اپنی وزارت عظمیٰ کے دوران ملنے والے 105 ملین روپے مالیت کے تحائف صرف 38 ملین روپے دیکر اپنے پاس رکھے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں توشہ خانہ کے تحائف کی لسٹ کے مطابق عمران خان کو 160 تحائف ملے، عمران خان نے 55 تحائف مفت اور 53 تحائف 38 ملین روپے ادا کر کے اپنے پاس رکھے۔ ان تمام تحائف کی کل مالیت 104.78 ملین روپے بنتی تھی جبکہ حکومت کو ادا کی گئی رقم تخمینہ شدہ قیمت کا 27 فیصد ہے۔

دوسری جانب یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک سب سے زیادہ تحائف سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے حاصل کیے ہیں جن کی تعداد 1126 ہے۔ وہ یہ تمام تحائف اپنی وزارت عظمیٰ ختم ہونے کے بعد ساتھ ہی بیرون ملک لے گئے۔ جنرل ضیا نے توشہ خانے سے 16 لاکھ روپے میں 122 تحفے حاصل کئے، جنرل ایوب خان واحد صدر اور بلخ شیر مزاری واحد وزیراعظم تھے جنہوں نے تمام تحفے توشہ خانہ میں جمع کرائے اور کوئی ایک بھی تحفہ گھر لے کر نہیں گئے۔

آصف زرداری نے بطور صدر دو بی ایم ڈبلیو اور دو ٹویوٹا جیپ کے لیے توشہ خانہ میں 93 لاکھ روپے جمع کرائے، یہ قیمتی گاڑیاں لیبیا کے صدر معمر قذافی نے تحفہ دی تھیں۔ نواز شریف کو بطور وزیراعظم دونوں ادوار میں ایک کروڑ مالیت کے 127 تحائف ملے، نوازشریف نے 14 لاکھ میں 75 تحفے لے لیے۔جنرل مشرف تین کروڑ 81 لاکھ کے 515 تحفے ساتھ لے گئے، جن میں ہیرے، گولڈ سیٹ، قیمتی زیورات، خنجر اور پستول شامل تھے۔ محمد خان جونیجو دولاکھ 19 ہزار روپے ادا کرکے 304 تحفے ساتھ لے گئے۔

Back to top button