فضا علی کن شوبز شخصیات کی زیادتیوں کا نشانہ بنیں؟

اداکارہ و گلوکارہ فضا علی نے انکشاف کیا ہے کہ کیرئیر کے دوران بہت سے گلوکاروں نے ان کے پیسے خود ہڑپ کر لیے اور آج تک ایک پائی تک واپس نہیں لوٹائی ہے۔فضا علی ایک باصلاحیت اور خوبصورت پاکستانی اداکارہ، میزبان، اور گلوکارہ ہیں جنہوں نے نوعمری میں ہی اپنے اداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا، اور ہٹ ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے، فضا علی اپنی پیاری بیٹی فرال کی ایک مضبوط اور بہادر اکیلی ماں ہیں، حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو کے پروگرام میں مہمان کے طور پر نظر آئیں، جہاں انہوں نے اپنے ساتھ ناانصافی کرنے والے گلوکاروں کے ناموں کا انکشاف کیا۔گلوکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی گلوکاری کے کیریئر کا آغاز راحت فتح علی خان کے ساتھ ایک گانے سے کیا تھا، لیکن اتنے اچھے آغاز کے بعد وہ گلوکاری کے شعبے میں زیادہ آگے نہیں جا سکیں، اس کی وجہ ان کے ساتھ ہونے والی نا انصافیاں ہیں، بڑے بڑے نامور گلوکار پروگرامز میں آکر خود گلوکاری کی دعوت دیتے تھے لیکن جب ان کے ساتھ گانا گا لیتی تھی تو بعد میں معاوضہ تک ادا نہیں کیا جاتا تھا۔فضا علی نے بتایا کہ سب جانتے ہیں کہ میں اکیلی ماں ہوں اور میری ایک ہی بیٹی ہے، میری نا تو کوئی چینی یا چاولوں کی ملیں ہیں کہ وہاں سے پیسہ کماؤں، پھر بھی گلوکاروں نے مجھے معاوضہ ادا نہیں کیا اور طرح طرح کا پراپیگنڈا کا بھی سامنا کرنا پڑا، حال ہی میں ایک گلوکار ذیشان روکھڑی جن کے ساتھ میں نے البم کے 3 گانے گائے اور ماڈلنگ بھی کی، اور ان گانوں کو کافی پذیرائی بھی ملی تھی مگر ذیشان روکھڑی نے اس کے باوجود مجھے کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا۔اسی طرح ایک اور مشہور گلوکار ہیں ملکو، انہوں نے بھی میرے ساتھ نا انصافی کی، میرے سے گانے ریکارڈ کروائے، ماڈلنگ کروائی مگر مجھے معاوضہ ادا نہیں کیا، جب بھی ان سے مطالبہ کیا جاتا تھا تو وہ ٹال دیتے تھے کہ فلاں تاریخ کو بھیج دوں گا، پتا نہیں یہ لوگ کیوں ایسا کرتے ہیں، اور منفی شہرت پر کس طرح خوش ہو جاتے ہیں، جبکہ میں نے کبھی بھی اس طرح نہیں کیا، گلوکارہ نے سوشل میڈیا صارفین سے بھی شکوے کرتے ہوئے کہا کہ لوگ بغیر تصدیق کیے الزامات لگا دیتے ہیں، یہاں تک کہ ایک بار سجاد علی کے ساتھ بھی جوڑ دیا تھا کہ انکی شادی سجاد علی کے ساتھ ہو گئی ہے اور سجاد علی نے فضا علی کو انکی بیٹی سمیت قبول کر لیا۔واضح رہے فضا علی ایک خوبرو اداکارہ بھی ہیں، ان کی پہلی ہٹ ڈرامہ سیریل ’مہندی‘ نے شہرت کے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے تھے، ان کے قابل ذکر ڈراموں میں ’مہندی‘، ’ساتھ نبھانا ہے‘، ’سات سر رشتوں کے‘، ’مور محل‘، ’لو لائف اور لاہور‘ اور ’شام ڈھلے‘ شامل ہیں۔
