پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پرسکہ جاری کرنے کا فیصلہ

حکومتِ پاکستان نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر خصوصی سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سٹیٹ بینک نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ سکہ 25 مئی 2026ء سے عام لوگوں کے لیے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے کاؤنٹرز کے ذریعے دستیاب ہو گا۔

یادگاری سکے کو 75 فیصد تانبے اور 25 فیصد نکل سے بنایا گیا ہے، جس کا قطر 36 ملی میٹر اور وزن 19 گرام ہے۔

75 روپے کے اس سکے کے اوپری حصّے کے ڈیزائن میں ایک چاند اور ستارہ بنا ہوا ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے، چاند اور ستارے کے اوپر  اردو میں اسلامی جمہوریہ پاکستان لکھا ہوا ہے جبکہ نیچے گندم کی دو ٹہنیاں بنی ہوئی ہیں جن کے اوپر 2026ء لکھا ہوا ہے۔

یادگاری سکے کے نچلے کناروں پر انگریزی میں ’پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ‘ اور ’ٹرسٹ فرینڈ شپ سپورٹ‘ لکھا ہوا ہے، جبکہ درمیان میں پاکستان اور چین کے قومی جھنڈے آویزاں ہیں اور جھنڈوں کے اوپر اور نیچے اردو اور چینی زبان میں موجود تحریریں دونوں ممالک کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات، اعتماد، دوستی اور تعاون کے موضوعات کو نمایاں کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان 21 مئی 1951ء کو باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے۔

Back to top button