پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی وزیر دفاع کا بیان مسترد کردیا

ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ مسئلہ کشمیر سے متعلق حقائق مسخ کرنےکی کوشش ہے،مسئلہ کشمیر بدستور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔بھارتی بیانات علاقائی اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی دانستہ پالیسی کی عکاسی کرتےہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پر اپنے مسلسل قبضے سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے،بھارت خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی اور اپنے داخلی عدم استحکام سے توجہ ہٹانےکی کوشش کر رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت جارحیت اور اشتعال انگیزی کی بیان بازی کرتےہوئے پاکستان کےعزم کو کمزور نہ سمجھے،پاکستانی قوم اور مسلح افواج نےگزشتہ سال آپریشن بنیان المرصوص میں اپنے عزم کا عملی مظاہرہ کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کاکہنا تھاکہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ بھارت کے مسلسل غیر ذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لے،بھارت کو کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
