آزاد کشمیر الیکشن کا پہلا مرحلہ، میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میں پولنگ کا آغاز

 

 

 

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا آغاز ہوگیا، پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

آج میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میر پور، کوٹلی اور بھمبھر کے 13 حلقوں میں انتخابات ہورہے ہیں، مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی، استحکامِ پاکستان پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت 296 امیدوار میدان میں ہیں۔

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے، اس کے علاوہ آئی پی پی اور آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 ووٹر رجسٹرڈ،جن میں سے 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

انتخابی عمل کے پہلے مرحلے کےلیے 2 ہزار 316 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 1241 انتہائی حساس اور 724 حساس قراردے گئے ہیں۔

الیکشن کی سکیورٹی کےلیے میرپور ڈویژن میں 18 ہزار 560 اہلکار تعینات ہوں گے، پاک فوج کے 2100 جوان بھی الیکشن کی سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔

انتخابات کےلیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیےگئے ہیں،چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ریٹائرڈ) غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا ہےکہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کےخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہاکہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پُرامن انتخابات کےلیے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں،انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کےخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے فیز میں الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے مبینہ دھاندلی کے الزامات سامنے آنے پر 2 پریزائیڈنگ افسران کےخلاف ایکشن لیتےہوئے انہیں معطل کردیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کےمطابق 2 پریزائیڈنگ افسران پولنگ سٹیشن کے بجائے نجی رہائش گاہ چلےگئے تھے،جس پر ریٹرننگ افسر نے پولنگ بیگز فوری تحویل میں لےلیے،ان کی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کرکے،انہیں پولنگ سٹیشنز کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایاکہ گرفتار پریزائیڈنگ افسران کےخلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے،انتخابی عمل میں غفلت یا بےضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی،شفاف، غیرجانبدار انتخابات کے انعقاد کےلیے ہرممکن اقدام جاری ہے۔

 

Back to top button