عمران نیازی کو بھاگنے نہیں دیں گے

اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی ملک کا سب سے بڑا مافیا ، انہیں بھاگنے نہیں دیں گے اور اب احتساب ہوگا۔

حمزہ شہباز نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم 4 سال سے آپ کے انتقام کا نشانہ بنے ہیں ، آپ نے عوام کو کبھی ایک کروڑ نوکریوں اور کبھی 50 لاکھ گھر کا جھانسہ دیا مگر اب پاکستان کے عوام نے عمران نیازی کے خلاف چالان کاٹ دیا ، حکومت کے خلاف جھوٹ ، مہنگائی اوربیڈ گورننس کا چالان کٹ چکا ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب نے کہا کہ ظالم حکومت سے جان چھڑانے کے لیے سڑکوں اور پارلیمنٹ میں تمام جماعتوں کے ساتھ جدوجہد کریں گے ، پی ڈی ایم بھی اپنا لائحہ عمل طے کر رہی ہے۔حمزہ شہباز نے وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ تمہارے نورتن آ کر عوام کے زخموں پر نمک پاشی کرتے ہیں ، عوام کو پہرہ دینا ہے کہ کابینہ میں بیٹھے نورتن اب بھاگنے نہ پائیں۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب نے کہا کہ عمران نیازی اس ملک کا سب سے بڑا مافیا ہے ، نیازی صاحب ہوش کے ناخن لو، اپنا گھر چند لاکھ میں ریگولر کرا لیا اور غریبوں کے لاکھوں گھر گرا دیئے ، تم نے نئے پاکستان کے چکر میں پرانا پاکستان بھی برباد کرکے رکھ دیا۔

انھوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کھلے گا تو عمران نیازی کو منہ چھپانےکی جگہ نہیں ملے گی، آپ آٹا، چینی اسکینڈل میں اربوں روپے کی خورد برد کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیب کا قیدی نمبر5
حمزہ شہباز نے کہا کہ اپنا کام کرتے نہیں اور تختیاں لگاتے ہیں، شرم نہیں آتی، پوچھ لینا تھا کہ گرین لائن منصوبہ کس کا ہے ۔

Back to top button