قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں اضافہ

قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق 21 جنوری سے ہو گا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 8.49 سے بڑھا کر 9.42 فیصد کر دیا گیا ہے جب کہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 8.04 فیصد سے بڑھا کر 9 فیصد کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 7.77 سے بڑھا کر 7.97 فیصد کر دیا گیا ہے جب کہ بہبود سیونگس سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 10.32 سے بڑھا کر 11.28 فیصد کر دیا گیا ہے، اسی طرح پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس پر بھی شرح منافع 10.32 سے بڑھا کر11.28 فیصد کر دیا گیا ہے جب کہ شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر بھی شرح منافع 10.32 سے بڑھا کر 11.28 فیصد کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ شارٹ ٹرم سیونگس سرٹیفکیٹس پر بھی شرح منافع بڑھا دیا گیا ہے اور 3 ماہ کی مدت کےلیے شرح منافع 6.76 فیصد سے کر دیا گیا ہے جبکہ 6 ماہ کا شرح منافع 6.80 سے 6.82 فیصد مقرر کر دیا گیا ہے اور 12 ماہ کا شرح منافع 6.80 سے 6.92 فیصد کر دیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق سیونگس اکاؤنٹ پر شرح منافع 5.5 فیصد برقرار رہے گی۔
