ملالہ نے اپنے نکاح کا فوٹو شوٹ کس لڑکی سے کروایا؟


نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے نکاح کا فوٹو شوٹ کرنے والی فوٹوگرافر لڑکی میلن فیزہائی کا تعلق سویڈن سے ہے جو ملالہ کی دوست ہیں اور فوٹو گرافی کے کئی عالمی مقابلے جیت چکی ہیں۔
ملالہ یوسف زئی نے 9 نومبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیدار عصر ملک سے نکاح کیا تھا اور اس کا فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر ڈال دیا تھا۔ ملالہ کا نکاح برطانوی ریاست انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ہوا جس کے بعد انہوں نے ایک مقامی پارک میں فوٹو شوٹ بھی کروایا۔ ان کا فوٹوشوٹ اور ویڈیوز انٹرنیٹ پر وائرل ہیں اور دنیا بھر میں لوگ انکی سادگی سے روایتی مشرقی انداز میں بنائی گئی تصاویر کی تحسین کر رہے ہیں۔ ملالہ یوسف زئی نے شادی کی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے انہیں کھینچنے والی خاتون فوٹو گرافر میلن فیزہائی کو بھی مینشن کیا۔
ملالہ کا فوٹوشوٹ کرنے والی خاتون فوٹوگرافر کا تعلق یورپی ملک سویڈن سے ہے، تاہم وہ کیریئر کے سلسلے میں امریکی شہر نیویارک میں رہتی ہیں۔ میلن کو صنفی تفریق، تشدد اور مہاجرین سے متعلق فوٹوگرافی کرنے کا وسیع تجربہ ہے جب کہ ان کی خصوصیات میں مہاجرین کی شادیوں کی فوٹوگرافی کرنا بھی شامل ہے۔ میلن فیزہائی نے شاندار فوٹوگرافی کے باعث متعدد ایوارڈز بھی حاصل کر رکھے ہیں جب کہ وہ نیویارک ٹائمز، نیشنل جیوگرافک، ایپل، نائیکی، ٹائمز میگزین، واٹر ایڈ اور اقوام متحدہ (یو این) کے ساتھ بھی کام کرتی رہی ہیں۔
میلن فیزہائی مجموعی طور پر دنیا کے 30 ممالک میں کام کر چکی ہیں اور انہوں نے زیادہ تر عالمی فلاحی اداروں کے منصوبوں پر کام کیالیکن اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ میلن فیزہائی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ چند سال سے کام کرتی آ رہی ہیں۔
خاتون فوٹوگرافر ملالہ کی سماجی تنظیم ’ملالہ فنڈ‘ کے لیے بھی فوٹوگرافی کرتی رہی ہیں۔ میلن فیزہائی ملالہ کا فوٹوشوٹ کرنے والی تنہا فوٹوگرافر نہیں تھیں بلکہ انہیں ملالہ فنڈ کے ساتھ کام کرنے والے دیگر فوٹوگرافرز کی معاونت بھی حاصل رہی۔میلن نے اپنے انسٹاگرام پر ساتھی فوٹوگرافر ’نوئوی‘ اور دیگر افراد کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ملالہ کا فوٹوشوٹ کرنے والی دوسری خاتون فوٹو گرافر ’نوئوی‘ بھی ملالہ فنڈ کے ساتھ کام کرتی آ رہی ہیں اور انہیں بھی مہاجرین اور صنفی تفریق پر فوٹوگرافی کا وسیع تجربہ ہے۔ ان دونوں خواتین فوٹوگرافرز کو ملالہ کا فوٹو شوٹ کرنے کے لیے فوٹو گرافی شپنگ کمپنی کی معاونت بھی رہی۔ جہاں ملالہ یوسف زئی کے فوٹوشوٹ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں، وہیں ان کا میک اپ کرنے والی خاتون آرٹسٹ کو بھی سراہا جا رہا ہے۔ ملالہ کا روایتی پاکستانی انداز میں میک اپ کرنے والی آرٹسٹ برطانوی میک اپ آرٹسٹ ’اینا‘ ہیں جو کہ پاکستانی نژاد ہیں۔’اینا‘ برطانیہ بھر میں روایتی مشرقی اور خصوصی طور پر جنوبی ایشیائی برائیڈل میک اپ کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں اور انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ملالہ کی تصویر بھی شیئر کی۔’اینا‘ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ملالہ یوسف زئی نے اپنی زندگی کے سب سے اہم ترین دن کے لیے ان کا انتخاب کیا۔

Back to top button