موت اور گرفتاری کا خوف، عمران خان پاگل ہو گیا

گرفتاری اور موت کے خوف سے خود ساختہ انقلابی ذہنی امراض کا شکار نفسیاتی مریض بن چکا ہے۔ ناقدین کے مطابق آپ ایسے شخص کے بارے میں کیا کہیں گے؟ جو دعویٰ کرے کہ اسے سردی نہیں لگتی۔ لیکن اس نے موٹے چمڑے کی جیکٹ کے نیچے تین دبیز سوئٹر پہن رکھے ہوں۔ جو کہے کہ وہ پیاسا نہیں اور پورا لیٹر پانی غٹا غٹ چڑھا جائے۔ جو تان لگائے کہ ’’مرد کو درد نہیں ہوتا‘‘ اور ایک کانٹا چبھنے پر آسمان سر پر اٹھالے۔ جو ’’میں کسی سے نہیں ڈرتا‘‘ کی تکرار کے ساتھ ڈرپوکی کی مثالیں قائم کر دے۔ جو للکارے کہ وہ موت سے خوفزدہ نہیں، اور اپنے اردگرد مضحکہ خیز حفاظتی حصار قائم کر کے دنیا کے لئے تماشا بن جائے۔ جو ہر وقت یہ گردان کرتا ہو کہ وہ چوبیس گھنٹے گرفتاری کے لئے تیار ہے اور گرفتاری سے بچنے کے لئے سانحہ 9 مئی کرادے، حتیٰ کہ اپنی پوری پارٹی تباہ کر ڈالے۔
زمان پارک کی پناہ گاہ میں محصور ایک خود ساختہ انقلابی انہی ساری کیفیات کی مجسم تصویر بنا بیٹھا ہے۔ عمران خان کی اس کیفیت کو قومی سیاسی امور اور عالی سیاست پر لکھنے والے تجزبہ کار شاہد خان نے اپنے ایک انگریزی مضمون میں بڑے مدلل طریقے سے بیان کیا ہے۔ شاہد خان کے مطابق ’’پرسیکیوٹری ڈیلیوژن‘‘ کی اصطلاح کا استعمال نفسیات میں کسی ایسے شخص کے بارے میں کیا جاتا ہے۔ جسے ہر وقت یہ محسوس ہوتا ہے کہ اس کے آس پاس موجود ہر شخص اسے نقصان پہنچانے یا مارنے کا ارادہ رکھتا ہے۔عمران خان اسی نفسیاتی کیفیت کا شکار نظر آتے ہیں۔ اگرچہ دنیا میں افراد پر حملے عام ہیں۔ لیکن پی ٹی آئی چیئرمین خود پر ہونے والے حملے کے بعد سے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہیں قتل کرنے کے دس سازشی پلاٹ بنائے گئے۔ ’’مجھے کوئی ایسا انجکشن لگایا جائے گا جس سے دل کا دورہ پڑے گا اور میری جان چلی جائے گی‘‘۔ ’’میرے کھانے میں زہر ملا دیا جائے گا‘‘۔ ’’مجھے بتایا گیا ہے کہ میرے ہیلی کاپٹر کے ایندھن میں پانی ملایا گیا تاکہ ہیلی کاپٹر پہاڑوں میں گر کر تباہ ہوجائے اور میں مرجائوں‘‘۔ ’’میں نے صوابی میں ایک شخص کو دیکھا جو راکٹ چلا رہا تھا‘‘۔ ’’زرداری نے میرے قتل کی سپاری فاٹا میں دو لوگوں کو دی ہے‘‘۔ ’’جوڈیشل کمپلیکس میں میری پیشی کے موقع پر مجھے قتل کرنے کے لئے فیلڈنگ سیٹ کی گئی تھی‘‘۔ ان الزامات کے باوجود عمران خان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔ اگر پوچھا جائے تو وہ جواب دیتے ہیں کہ ان پر چونکہ حملہ ہوچکا ہے۔ اس لئے مزید ثبوت کی ضرورت نہیں۔ شاید آنے والے دنوں میں وہ مزید ’’انکشافات‘‘ کریں۔ وہ اپنی ہر تقریر میں اپنے قتل کا خدشہ ظاہر کرتے ہیں۔ مضمون نگار کے بقول عمران خان حقیقی معنوں میں ’’پرسیکیوٹری ڈیلیوژن‘‘ میں مبتلا ہیں۔ سادہ لفظوں میں کہا جا سکتا ہے کہ وہ ’’سائیکو پیتھ‘‘ بن چکے ہیں۔ ایک سائیکو پیتھ یا نفسیاتی مریض جو اپنی موت کے خوف سے پاگل ہوجاتا ہے اور اپنی جان بچانے کے لئے ہزاروں لوگوں کو مارنے پر آمادہ ہوجاتا ہے۔
دنیا کے متعدد رہنماؤں پر حملے ہوئے وہ عمران خان سے زیادہ خطرے میں ہیں۔ تاہم چیئرمین پی ٹی آئی جتنی مضحکہ خیز سیکورٹی اپنے اردگرد رکھتے ہوئے کسی کو نہیں دیکھا گیا۔ دنیا میں مثال نہیں ملتی کہ کوئی سر پر بالٹی رکھ کر گھومتا ہو۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر بھی کئی خود کش حملے ہوچکے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق پر حال ہی میں خود کش حملہ ہوا۔ اے این پی کی صف اول قیادت کو دہشت گرد نشانہ بنا چکے ہیں۔ میاں افتخار کا جواں سال بیٹا دہشت گردی کے حملے میں جاں بحق ہوا اور ان کو بھی مسلسل موت کے سنگین خطرات لاحق ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت بھی دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔ نون لیگی لیڈر شپ کے لئے بھی اس نوعیت کے خطرات ہیں لیکن کسی نے اپنے لئے مضحکہ خیز حفاظتی انتظامات نہیں کئے کہ سر پر بالٹی لے کر گھومتا پھرے۔
جب عمران خان کہتے ہیں ’’اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو کارکنان گھر میں مت بیٹھیں۔ ہمارا نعرہ موت کے خوف سے نجات دلانا ہے۔ لوگ آزادی کے لئے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں۔ اس لئے اگر میں گرفتار ہوا تو سب باہر نکلیں‘‘۔
آسان الفاظ میں کہا جا سکتا ہے کہ عمران خان اپنے کارکنان سے کہہ رہے ہیں ’’اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو میرے لئے لڑو، ایک اور سانحہ نو مئی برپا کردو، جو موت مجھ پر مسلط کی جارہی ہے، وہی موت تم سب اپنے آپ پر مسلط کرلو، لیکن مجھے بچالو‘‘۔ یہ ہے ’’حقیقی آزادی‘‘۔ اپنی نام نہاد بہادری کا جھوٹا بھرم رکھنے کے لئے بظاہر پی ٹی آئی چیئرمین واضح الفاظ میں یہ اپیل نہیں کر سکتے۔ لیکن ان کے ویڈیو خطابات اور تقاریر کا اصل لب لباب یہی ہے۔ لہٰذا وہ اپنے دل کی بات پر پردہ ڈالنے کے لئے حقیقی آزادی، دین کا حکم، غلامی سے نجات اور خوف کی زنجیریں توڑ دینے جیسے نعرے استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم وہ خود خوف کی زنجیریں توڑنے کے لئے تیار نہیں۔یہ الگ مسئلہ ہے کہ عمران خان کو سیاسی رہنما سے نفسیاتی مریض بنانے میں کس نے بڑا کردار ادا کیا۔ شاید ان کے قریب ترین لوگوں کا اس میں بنیادی رول ہے۔
