دہشت گردی کے خلاف جنگ غیر متزلزل عزم کے ساتھ جاری رہے گی : فیلڈ مارشل

 

 

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قومی قوت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو عسکری اعزازات دینے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی اور شہداء کے اہلِ خانہ، افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیرمعمولی بہادری اور ملک کےلیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔

اس پروقار تقریب میں 50 ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 12 تمغۂ بسالت عطا کیے گئے، بعد از شہادت دیے جانے والے تمغے شہداء کے اہلِ خانہ نے بڑے وقار اور عزت کے ساتھ وصول کیے۔

شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہاکہ شہداء اور غازی قوم کا دائمی فخر ہیں، ان کی عزت اور قربانی ہر پاکستانی کے لیے ایک مقدس امانت ہے، ہمارے وطن کا امن اور سلامتی انہی کی عظیم قربانیوں اور فرض سے بے لوث وابستگی کا نتیجہ ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہداء کے اہلِ خانہ کی استقامت، وقار اور ثابت قدمی کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور وطن سے ان کی بے مثال قربانیوں اور غیرمتزلزل وابستگی کو سراہا۔

پاکستان، ایران اور امریکہ کیلئے اتنا اہم کیوں ہو گیا؟

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عملی تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف ان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قومی قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

 

Back to top button