کیپٹن محمد سرور کے 78ویں یومِ شہادت پر وزیر اعظم، افواج کا خراج عقیدت

کیپٹن محمد سرور کے 78 ویں یوم شہادت پر وزیر اعظم شہباز شریف اور افواج پاکستان نے زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

1948ء کی پہلی کشمیر جنگ کے دوران وطن پر جان نچھاور کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید کا آج 78واں یومِ شہادت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ وہ پاکستان کے پہلے سپوت تھے جنہیں ملک کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔

27 جولائی 1948ء کو آزاد کشمیر کے علاقے تل پترا میں پہلی کشمیر جنگ کے دوران کیپٹن محمد سرور شہید نے آزادی کشمیر کے لیے فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا اور پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے عظیم سپاہی بنے۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید نے اگلے مورچوں سے اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری، اعلیٰ عسکری حکمت عملی اور فرض شناسی کا عملی مظاہرہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی لازوال قربانی جرأت، استقامت اور وطن سے بے لوث محبت کی ہمیشہ زندہ رہنے والی علامت ہے، جبکہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ان کی عظیم قربانی اور میراث کو بھرپور احترام اور عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کیپٹن محمد سرور شہید کے 78ویں یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم وطن کے دفاع کے لیے ان کی بے مثال شجاعت، جرأت، فرض شناسی اور عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948ء کو آزادی کشمیر کی پہلی جنگ کے دوران دشمن کا تاریخی جرأت اور دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید وہ پہلے پاکستانی تھے جنہیں مادرِ وطن کے دفاع میں غیر معمولی قربانی کے اعتراف میں ملک کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز ’’نشانِ حیدر‘‘ سے نوازا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے محاذِ جنگ پر فرض شناسی، شجاعت، بہادری اور بہترین پیشہ ورانہ حکمتِ عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی تاریخ رقم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہیں۔

 

بھارت سیاسی بیانیے سے قانونی حقائق نہیں بدل سکتا، خواجہ آصف

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت پاکستان کی مسلح افواج نے بھی کیپٹن محمد سرور شہید کے 78ویں یومِ شہادت پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مادرِ وطن کے لیے ان کی قربانی کو قوم کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا۔

Back to top button