سیلابی ریلے سے ریلوے ٹریک بہنے پر لاہور ٹو فیصل آباد ٹرین سروس معطل

سیلابی ریلے سے ریلوے ٹریک بہنے پر لاہور سے فیصل آباد ٹرین سروس معطل کر دی گئی اور ٹرینوں کے روٹس بھی بدل دیے گئے۔
قلعہ ستار شاہ کے قریب شدید بارشوں اور سیلابی ریلے سے ریلوے پل کو نقصان پہنچنے کے باعث لاہور سے فیصل آباد ریلوے سیکشن پر ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جبکہ پاکستان ریلوے نے متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل اور بعض ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق قلعہ شیخوپورہ اور مسن کے درمیان شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ریلوے انفرا سٹرکچر متاثر ہوا، جس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور۔فیصل آباد سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر، ریلوے لاہور ڈویژن کے مطابق 41 اپ/42 ڈاؤن قراقرم ایکسپریس اور 27 اپ/28 ڈاؤن شالیمار ایکسپریس کو فیصل آباد کے بجائے لاہور سے براستہ رائیونڈ، ساہیوال اور خانیوال ان کی منزل کی جانب روانہ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ قراقرم ایکسپریس 42 ڈاؤن کے مسافروں کو فیصل آباد سے آج ملت ایکسپریس 18 ڈاؤن میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، جبکہ لاہور اور سرگودھا کے درمیان چلنے والی میانوالی ایکسپریس کو آج براستہ وزیر آباد اور لالہ موسیٰ چلایا جائے گا۔
دوسری جانب 111 اپ/112 ڈاؤن بدر ایکسپریس اور 113 اپ/114 ڈاؤن غوری ایکسپریس کو عارضی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ پل اور ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔ انفرا اسٹرکچر کی مکمل بحالی کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنی متعلقہ ٹرین کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں۔
اسرائیل سے ممکنہ معاہدہ دیرپا امن کی بنیاد بن سکتا ہے: شامی صدر
پاکستان ریلوے کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید پیش رفت سے عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔
