پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی میں ملوث ہے: عظمی بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی مبینہ دھاندلی میں ملوث ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ میرپور کے عوام نے احتجاج یا انتشار کے بجائے ووٹ کی طاقت پر اعتماد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض پولنگ کیمپوں میں جشن کا سماں ہے، جبکہ دھاندلی کے الزامات لگانے والوں کا آج اصل چہرہ قوم کے سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کشمیر میں بعض اوقات صرف امیدوار ہی نہیں بلکہ بیلٹ بیگز بھی غائب ہو جاتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کشمیر میں ووٹ ڈالنے والے پنجاب حکومت کی کارکردگی، خصوصاً وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو سراہ رہے ہیں۔ ان کے مطابق کشمیری عوام بھی چاہتے ہیں کہ انہیں ’’اپنی چھت، اپنا روزگار‘‘ جیسے منصوبوں سے فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والی دیگر جماعتیں کشمیر کو پنجاب کی طرز پر ترقی دینے کی بات نہیں کر رہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ عوام کو بسیں فراہم کرنا ان کا حق ہے، لیکن جب کشمیر کی ترقی کی بات کی جائے تو بعض سیاسی جماعتیں اعتراضات شروع کر دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت حیدرآباد کو بھی بسوں کا تحفہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی کارکردگی کشمیری عوام کے سامنے رکھی ہے، کسی پر الزام تراشی یا کسی کی نقل اور توہین نہیں کی، جبکہ پنجاب آج ترقی کا ایک کامیاب ماڈل بن چکا ہے۔
یوکرین مستقبل میں اپنے مغربی علاقے بھی کھو دے گا: پوتن کا دعویٰ
آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے سے متعلق نواز شریف کے بیان پر بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف نے ایک علامتی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ان کے مطابق جس طرح وہ پاکستان میں وزیراعظم اور پنجاب میں وزیراعلیٰ کی رہنمائی کر رہے ہیں، اسی طرح اگر آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کا وزیراعظم منتخب ہوا تو وہ اس کی بھی سرپرستی کریں گے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف کو وزیراعظم کے عہدے کے ٹیگ کی ضرورت نہیں، وہ ’’وزیراعظموں کے وزیراعظم‘‘ ہیں۔
