میرے دادا فوجی جوانوں کے ذاتی حکیم تھے: میرا کا دعویٰ

اپنی انگلش، چٹ پٹے بیانات، بے بنیاد دعوؤں، منفرد طرز عمل اور اپنے نرالے انداز کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی اداکارہ میرا نے اب دعویٰ کیا ہے کہ ان کے دادا فوج کے پرسنل حکیم تھے اور زخمی اور کمزور فوجی سپاہیوں کا علاج کیا کرتے تھے۔ میرا کے اس دعوے پر سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
اپنے مختلف بیانات سے آئے دن خبروں میں رہنے والی ایک بار پھر کچھ ایسا کر گئی ہیں کہ سوشل میڈیا صارفین کو ایک اچھا موقع ہاتھ آ گیا ہے اور بھانت بھانت کے تبصرے ہو رہے ہیں۔ معروف اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کو انٹرویو دیتے ہوئے فلمسٹار میرا کا کہنا تھا کہ ’میرا ددھیال سیالکوٹ سے ہے لیکن جو میرے دادا تھے وہ حکیم تھے، وہ آرمی کے پرسنل حکیم تھے‘ جس پر ثمینہ پیرزادہ ایک لمبا سا ’او‘ کہتی ہیں۔ تاہم میرا پھر بھی خاموش نہیں ہوتیں بلکہ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہتی ہیں کہ قائد اعظم کے دور میں جب جنگ ہوئی تھی تو جتنے بھی ہمارے سپاہی زخمی ہوتے تھے میرے دادا ان کی مرہم پٹی کرتے تھے اور ان کو ادویات فراہم کرتے تھے۔
میرا کے انٹرویو کا یہ کلپ سبوخ سید نامی ٹوئٹر ہینڈل نے شئیر کیا تو لوگوں نے اس کو ری ٹویٹ کرنا شروع کیا جبکہ ساتھ ہی دلچسپ قسم کے تبصرے بھی سامنے آنا شروع ہوئے۔روبینہ ابراہم زہری نامی صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’فوجی بھی حکیم رکھتے ہیں، ہم کو لگا تھا کہ ہم ہی غریب ہیں۔ ویسے اس میرا کا علاج تو وہم کی طرح حکیم لقمان کے پاس بھی نہ ہو گا۔‘ذیشان احمد نامی ٹوئٹر نے طنزاً لکھا کہ ’محترمہ کو فوراً حکومت میں کوئی بڑا عہدہ دیا جائے۔‘پاگل خبطی کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے افسوس اور ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’ہنسنا اپنی جگہ لیکن مجھے ان کی حالت پر افسوس ہے۔ میرا کو تھراپی کی ضرورت ہے، ورنہ کوئی ہوش مند تو یوں اپنا مذاق نہیں بنوائے گا۔‘
عمران چیمہ نے ہنسنے کا ایموجی لگاتے ہوئے لکھا کہ ’ثمینہ پیرزادہ کے چہرے کے تاثرات دیکھیں۔ بتول صدف نے میرا سے ممنوطیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’شکریہ میرا جی، میرا ہنسنے کو جی چاہ رہا تھا۔ سلمان مشتاق نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوالیہ نشان کے ساتھ پوچھا کہ ’قائد کے دور میں جنگ؟ چوہدری نامی صارف نے بھی ازراہ تفنن لکھا جبکہ اگلے تبصرے میں انٹرویو لینے والی ثمینہ پیرزادرہ کی حیرت میں ڈوبی تصویر بھی لگائی۔’نیم حکیم، عام حکیم، بنگالی حکیم تے فیر آندا آرمی دا پرسنل حکیم۔‘
فیصل خان نامی صارف نے ردعمل میں غالب کا مصرعہ لکھا دیا:
بک رہا ہوں جنوں میں کیا کیا کچھ
کچھ نہ سمجھے خدا کرے کوئی
ایک ٹوئٹر صارف نے صرف اتنا لکھا کہ ’میرا جی تسی گریٹ ہو۔صائمہ مصطفیٰ نے چوہدری کی جانب سے ثمینہ پیرزادہ کی حیرانگی والی تصویر لگانے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللہ خیر کرے اور ثمینہ کے چہرے کے تاثرات انمول ہیں۔احمد نامی صارف نے بھی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ ’قائد اعظم ’جنگ‘ حکیم، یہ بی بی کہنا کیا چاہ رہی ہے؟ ایم این ایس ہینڈل کی جانب سے بھی حیرت کے اظہار کے لیے سلمان خان کی جیف لگائی گئی جس میں وہ چشمہ اتارتے ہوئے کہہ رہے ہیں ۔۔۔ ’ہیں
خیال رہے کہ کچھ روز قبل میرا نے دعویٰ کی تھا کہ ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے اور وہ اسے ریکور نہیں کرپارہیں۔ جس پر بھی بھانت بھانت کے تبصرے کئے گئے تھے جبکہ اس سے قبل امریکہ میں قیام کے دوران رواں برس اپریل میں اداکارہ میرا نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی تھی کہ انہیں وطن واپس لایا جائے کیوںکہ وہ کرونا وائرس کی وجہ سے نیویارک میں مرنا نہیں چاہتی۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میرے پاس کوئی سیونگ نہیں اور میرا یہاں رہنا مشکل ہوچکا ہے‘۔ جس کے بعد حکومتی اخراجات پر وہ وطن واپس لوٹی تھیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ میرا گزشتہ سال اپنی فلم ‘باجی’ کے ساتھ سینما اسکرینز پر جلوہ گر ہوئی تھیں، اس فلم کی کہانی کے ساتھ ساتھ میرا کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا تھا۔بعدازاں ایک انٹرویو کے دوران یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ وہ اپنی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے ایک فلم پر کام کررہی ہیں، جس کی کہانی بھی انہوں نے خود تحریر کی تھی۔اداکارہ نے اعلان کیا تھا کہ جلد ان کی اس فلم کی کاسٹ بھی سامنے آجائے گی۔ تاہم ابھی تک کاسٹ تو سامنے نہیں آئی ان کی طرف سے یہ انکشاف سامنے آ گیا ہے کہ ان کے حکیم دادا جی فوجی جوانوں کے پرسنل حکیم تھے۔