نظام ری سیٹ کرنے کاوقت آگیاہے،بیرسٹرگوہر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عدلیہ، پارلیمان اور اسمبلی پر لوگوں کا اعتماد اٹھ چکا ہے، اگر نظام اسی طرح چلانا ہے تو واقعی وقت آگیا ہے کہ اسے ری سیٹ کرنے پر غور کیا جائے۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹھیک کہاتھا کہ ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے۔

چارسدہ میں صوبائی وزیرعبدالشکور کے گھرپرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرنے کہا کہ صوبائی وزیرکواٹھایا گیا ہے جوانتہائی افسوسناک بات ہے، آج 18 واں دن ہے لیکن ان کے اہلخانہ کو معلوم نہیں کہ وہ کہاں ہیں، ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا گیا تاہم عدالتوں میں ہفتے ہفتے کی تاریخیں ملتی ہیں۔

دوسری جانب حکومت کا مؤقف ہے کہ صوبائی وزیریا کسی ایم این ایز یا ایم پی ایز کو ہم نہیں اٹھایا، وہ خود گرفتاریوں کے ڈر سے روپوش ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہرپاکستانی اورہرصوبے کے وزیراعلیٰ کو سوچنا چاہیے کہ اگرآج یہ خیبرپختونخوا میں ہو رہا ہے تو کل سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں بھی ہو سکتا ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے، قانون کی بالادستی ہونی چاہیے اور جبری گمشدگیاں ختم ہونی چاہئیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جبری گمشدگیوں سے عوام کا پورے نظام پر اعتماد اٹھ گیا ہے، لوگوں کا اعتماد عدلیہ، پارلیمان اور اسمبلی سے اٹھ گیا ہے، اگراسی طرح چلنا ہے تو واقعی یہ وقت ہے کہ نظام کو ری سیٹ کرنے کے بارے میں سوچا جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ نظام کو ری سیٹ کرنے کیلئے انا کو جانے دینا ہوگا اورعوام کی منشا کے مطابق آگے بڑھنا ہوگا، عوام کو ہی پورا نظام ری سیٹ کرنے کا اختیارملنا چاہیے۔

Back to top button