فیلڈ مارشل سے بحرینی وزیرِ خارجہ کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

بحرین کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزایانی نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کر کے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق 8 اکتوبر 2026 کو راولپنڈی کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہونے والی اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی، جن کی بنیاد مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر قائم ہے۔
فیلڈ مارشل نے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے تمام برادر اسلامی ممالک کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات کے دوران بحرینی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزایانی نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پاکستان کے مثبت اور مؤثر کردار کا کھلے دل سے اعتراف کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور مملکتِ بحرین کے درمیان دہائیوں سے مضبوط اور تاریخی دفاعی و سفارتی تعلقات قائم ہیں۔
