اپوزیشن نے مذاکرات کیلئےعمران خان سے ملاقات کی شرط رکھ دی

اپوزیشن لیڈرز محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے عمران خان سے ملاقات کی شرط رکھ دی۔

اپوزیشن لیڈرز محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں مذاکرات سے متعلق بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کوئٹہ سے اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس سے رابطہ کیا، دونوں کے درمیان مذاکرات سمیت آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

دونوں اپوزیشن قائدین نے مذاکرات کے حوالے سے حکمت عملی پر مشاورت کی، اپوزیشن قائدین نے مذاکرت کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کر دیا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد مولانا نے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا اور حکومتی پیشکش پی ٹی آئی کو  پہنچائی۔

ذرائع کے مطابق مولانا کے ٹیلی فونک رابطہ کے بعد پی ٹی آئی نے ہنگامی اجلاس طلب کیا جو تاحال  زوم پر جاری ہے جبکہ اجلاس میں  پی ٹی آئی کی تمام لیڈرشپ شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل مولانا نےحکومت کو گورنر راج یا ایمرجنسی کی بجائے معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو کردار ادا کرنے کا کہا تھا۔

 

واضح رہے گزشتہ روز  حکومت کی طرف سے رانا ثنااللہ اور سپیکر ایازصادق، طارق فضل چوہدری نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی۔

Back to top button