سعودی ایئرپورٹس پر حملوں کا جواب، یمن میں حوثیوں کے 82 ٹھکانے تباہ

سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے یمن میں حوثیوں کے خلاف بڑی فضائی کارروائی کرتےہوئے چار صوبوں میں 82 فوجی اہداف تباہ کرنےکا دعویٰ کیا ہے۔یہ کارروائی سعودی عرب کے کنگ خالد اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں کےبعد کی گئی۔
اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کےمطابق فضائی کارروائیوں میں یمن کے صعدہ، حدیدہ، الجوف اور مارب صوبوں میں حوثیوں کے مختلف فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے بتایاکہ صرف صعدہ میں پہاڑوں کے اندر قائم بیلسٹک میزائل ذخیرہ کرنےوالی 11 تنصیبات کو تباہ کیاگیا، جب کہ دیگر اہداف میں کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز،مواصلاتی نظام،میزائل و ہتھیاروں کے گودام اور حوثی جنگجوؤں کے اجتماع کے مقامات شامل تھے۔
ترکی المالکی نے کہاکہ یہ فضائی حملے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملوں کےجواب میں کیےگئے۔
ان کاکہنا تھاکہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانےوالے حملوں کو ’’بےسزا نہیں چھوڑا جائے گا‘‘۔
سعودی حکام کےمطابق حوثیوں کے ایئر پورٹس پر حملوں میں 3 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوئے۔حوثیوں نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتےہوئے کہا تھاکہ دونوں ہوائی اڈوں کو ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایاگیا۔
حوثیوں کے سعودی عرب کے 2 ایئرپورٹس پر حملے، 3 افراد جاں بحق
خیال رہے کہ یمن میں حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی کے دوران حالیہ دنوں میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،سعودی حمایت یافتہ یمنی فورسز حوثیوں کے قبضے سے مزید علاقوں کو واپس لینے کی کوشش کررہی ہیں، جب کہ خطے میں جاری وسیع تر تنازع نے بھی یمن کی صورت حال کو مزید پیچیدہ کردیا ہے۔
تاہم سعودی اتحاد کی جانب سے تباہ کیےگئے 82 اہداف کی تفصیلات اور نقصانات سے متعلق دعووں کی آزادانہ طور پر فوری تصدیق نہیں ہوسکی۔
