پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان، میگا ایونٹ 18 مارچ سے شروع ہوگا

 

 

 

 

پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں،پاکستان کرکٹ بورڈ نے میگا ایونٹ کی تاریخوں کا اعلان کرتےہوئے بتایا ہے کہ پی ایس ایل 12 آئندہ سال 18 مارچ سے 2 مئی تک کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 میں مسلسل دوسری مرتبہ 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔لیگ کی ونڈو گورننگ کونسل اور تمام فرنچائزز کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی کی گئی ہے۔

پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا تھا،جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 11 میں پہلی مرتبہ پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا تھاجب کہ ایونٹ کے فائنل میں قذافی سٹیڈیم میں 32 ہزار 461 تماشائیوں نے شرکت کی جو ریکارڈ حاضری تھی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہےکہ پی ایس ایل 11 نے دنیا کو لیگ کی صلاحیت دکھائی اور اس دوران سنسنی خیز لمحات، ریکارڈ کراؤڈ اور براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈ دیکھنے کو ملے،انہوں نے ایک اور شاندار پی ایس ایل سیزن کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو افسر سلمان نصیر کا کہنا ہےکہ 2027ء میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کا عزم ہے۔

ان کاکہنا ہےکہ پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان صرف پہلا قدم ہے،آٹھوں ٹیمیں ٹائٹل کےلیے پہلے سے زیادہ پُرعزم ہوں گی،پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں شائقین پی ایس ایل 12 کے منتظر ہیں۔

یاد رہے کہ پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا،زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دےکر 9 سال بعد پی ایس ایل ٹرافی جیتی تھی۔

پی سی بی کےمطابق پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگز، پلیئر آکشن، شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

 

Back to top button