سہیل آفریدی کونااہل قرار دینے کی درخواست سماعت کیلئےمقرر

وفاقی آئینی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو نااہل قرار دینے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔
وفاقی آئینی عدالت نے کیس 15 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے، چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں بینچ سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق رہنما ایڈووکیٹ شیر افضل مروت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی تقرری کو چیلنج کیا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس کے خلاف خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی دائر درخواست گزشتہ روزخارج کردی تھی ۔
جسٹس ارشد علی اور جسٹس محمد فہیم ولی پرمشتمل پشاور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ جس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے نوٹس کو چیلنج کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی۔ الیکشن کمیشن نے نوٹس کیوں جاری کیا؟
ہری پور میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے سرکاری افسران کے حوالے سے بیان دینے پرالیکشن کمیشن نے انہیں نوٹس جاری کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں وزیراعلیٰ سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر وضاحت طلب کی گئی تھی۔ معاملے پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے الیکشن کمیشن کے نوٹس کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نوٹس جاری کرنے کا اقدام قانون کے مطابق نہیں۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
