وینا ملک کو دوسری شادی کے لیے اسلامی شوہر کی تلاش
اداکارہ وینا ملک نے دوسری شادی کے لیے اسلامی شوہر کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اسلامی لوگ خدا سے ڈرتے ہیں اس لیے انکا دوسرا شوہر اسلامی ہوگا۔ تاہم انہوں نے وضاحت نہیں کی کہ لفظ اسلامی سے ان کا مطلب کیا کوئی باریش مولوی ہے یا صوم و صلوۃ کا پابند کوئی کلین شیو شخص۔
وینا ملک نے واضح کیا کہ اپنے پہلے شوہر اسد خٹک سے خلع لینے کے بعد وہ کسی صورت انکے ساتھ نہیں رہنا چاہتی تھیں تاہم مفتی نعیم کے کہنے پر انہوں نے اسد کو تین ماہ کا وقت دیا تھا تاکہ وہ خود کو بہتر کر کے ایک ذمہ دار انسان بن جائے۔ لیکن ایسا نہ ہو پایا اور پھر انہیں آخری حد تک جانا پڑا۔ یاد رہے کہ دونوں میں طلاق کے بعد عدالت میں بچوں کی حوالگی کا کیس چل رہا ہے۔
اداکارہ نے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیا کہ وہ ’حلالہ‘ کیے بغیر طلاق کے بعد بھی اپنے سابق شوہر کے ساتھ رہتی رہی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی سچائی نہیں البتہ انہوں نے سابق شوہر کو موقع دیا تھا کہ وہ بچوں کی خاطر بہتر ہو جائیں۔ وینا ملک نے سابق فاسٹ باؤلر محمد آصف کے ساتھ اہنے عشق معاشقے کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے، ہمارے درمیان عشق وغیرہ ہوتا تو اس کا کچھ نہ کچھ نتیجہ نکلتا مگر حقیقت یہ ہے کہ ہمارے درمیان کچھ نہیں تھا اور لوگوں نے از خود ان سے متعلق کہانیاں گھڑ لیں۔ یاد رہے کہ سال 2010 میں وینا ملک نے دعویٰ کیا تھا کہ محمد آصف ان کے ساتھ عشق کرتے ہیں اور ان سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔ بعد ازاں دونوں ایک دوسرے پر بلیک میلنگ کے الزامات لگا کر الگ ہو گئے تھے جس کے بعد وینا نے اسد ملک سے دوستی کرلی اور بالآخر شادی کرلی ۔
اپنی دوسری شادی کے سوال پر وینا ملک نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ خدا نے ان کے لیے کوئی دوسرا ساتھی بھی بنایا ہوگا اور وہ انہیں تلاش بھی کر رہا ہوگا۔ لیکن اداکارہ نے بتایا کہ اگر انہوں نے دوسری شادی کی تو وہ کسی اسلامی شخص سے کریں گی کیوںکہ ان کا ماننا ہے کہ دین دار شخص خدا سے ڈرتا ہے اور جو خدا سے ڈرتا ہے وہ کسی پر ظلم نہیں کرتا۔ وینا ملک نے واضح کیا کہ ابھی تک انہوں نے کسی دین دار شخص کی تلاش نہیں کی تاہم انہیں یقین ہے کہ ایسا کوئی شخص انہیں ضرور تلاش کر رہا ہوگا۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ان کی زندگی میں کبھی نہ کبھی کوئی مذہبی شخص ضرور آئے گا، جس سے وہ شادی کریں گی۔ اداکارہ نے اپنی فٹنس پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ نہ صرف ڈائٹنگ کرتی ہیں بلکہ صحت مند رہنے کے لیے ورزش بھی کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گوادر کے مجبور باسی انقلاب کے راستے پر گامزن ہو گئے
یاد رہے کہ وینا ملک نے پہلی شادی 2013 میں اسد خٹک سے کی تھی اور وہ دو بچوں کی ماں بھی ہیں، تاہم 2017 میں ان کی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔ پہلی شادی ختم ہونے کے چار سال بعد اب اداکارہ نے کہا ہے کہ اگر انہوں نے دوسری شادی کی تو وہ کسی اسلامی شخص سے کریں گی۔
