بجٹ میں گھریلو گیس صارفین کوریلیف فراہم کیاجائےگا،وزیرتوانائی

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت آنے والے بجٹ میں گھریلو گیس صارفین کو بڑی خوشخبری دے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز، ایل این جی معاہدوں اور سٹریٹجک پالیسیوں سمیت مختلف امور پر کھل کر بات چیت کی۔
وفاقی وزیرپیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس عائد کرنا ایک پیچیدہ مسئلہ ہے، لیکن موجودہ معاشی حالات کے پیشِ نظر وہ اسے براہِ راست کنٹرول کرنے سے قاصر ہیں۔
تاہم انہوں نے عوام کو امید دلائی کہ حکومت گھریلو گیس صارفین کی مشکلات سے آگاہ ہے اور آئندہ وفاقی بجٹ میں ان کے لیے ریلیف کی صورت میں خوشخبری کا اعلان کیا جائے گا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے ماضی میں قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدے کی تیاری اور اسے حتمی شکل دینے میں انتہائی شاندار کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کا حصہ تھے، تو انہوں نے پیٹرولیم کے شعبے میں بہترین کام کیا تھا۔ وزیر پیٹرولیم نے مشکل وقت میں دوست ممالک کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قطر کی حکومت نے مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے دوران بھی پاکستان کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھا، جو قابلِ ستائش ہے۔

Back to top button